حمزہ شہباز کے حلف کیخلاف کیس میں صدر اور گورنر پنجاب کو فریق بنانے کا حکم

ہم صدر اور گورنر کو بھی سننا چاہتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ

ہم صدر اور گورنر کو بھی سننا چاہتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ

PESHAWAR:
لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کیخلاف کیس میں صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو فریق بنانے کا حکم دے دیا۔

حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف تحریک انصاف اور ق لیگ سمیت دیگر کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ آئین میں گنجائش نہیں ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی وزیراعلی سے حلف لے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیس میں گورنر کی بجائے وفاقی حکومت کو فریق بنانا زیادہ ضروری ہے۔

لارجر بینچ نے پی ٹی آئی کے وکیل کو صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپیل میں ترمیم کرکے صدر اور گورنر کو فریق بنائیں، ہم صدر اور گورنر کو بھی سننا چاہتے ہیں۔ بینچ نے اپیلوں پر کارروائی کل تک ملتوی کر دی۔


علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 2 جون کو پانچ مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق درخواست کا فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پانچ مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیوں کارروائی نہیں کر رہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ کر رہے ہیں ، تحریک انصاف کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی درخواست موصول ہوئی ،ن لیگ نے نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست کی ، یہ معاملہ سننے کے لیے فکس کر دیا ہے۔

عدالت نے دو جون کو الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف اور ن لیگ کی درخواستوں کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
Load Next Story