مومن الحق کا بطور کپتان مستقبل خطرے میں
مومن الحق نے 15 اننگز میں محض 12.57 کی اوسط سے رنز بنائے
LONDON:
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے مسلسل خراب پرفارمنس پر ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مومن الحق سے کہا ہے کہ وہ ٹیم میں بطور کپتان اپنی شمولیت کے حوالے سے جلد فیصلہ کرلیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد سے مومن الحق کی بیٹنگ متاثر ہوئی ہے، انہوں نے 15 اننگز میں محض 12.57 کی اوسط سے 176 رنز بنائے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 88 کی اننگز کھیلنے کے بعد سے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مومن الحق پچھلی سات اننگز میں دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔
بی سی بی کے سربراہ نظم الحسن نے مومن الحق سے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی شرمناک شکست کے بعد ملاقات کی، جس میں بی سی بی چیف نے کہا کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچیں اور بتائیں کہ کیا کپتانی کی وجہ سے آپکی بیٹنگ پر اثر پڑ رہا ہے۔
بی سی بی کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین جلال یونس کا کہنا ہے کہ مومن الحق پر کپتانی کے حوالے سے بورڈ کا کوئی دباؤ نہیں، البتہ جب کپتان ٹیم کیلئے رنز نہیں کرتا تو وہ کھلاڑیوں پر پریشر نہیں بڑھا پاتا۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سیریز سے قبل کپتان تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم مومن الحق انکار کرتے ہیں تو متبادل کی تلاش شروع کی جائے گی۔
یاد رہے کہ مومن الحق نے اب تک بنگلہ دیش کی کپتانی کرتے ہوئے 17 ٹیسٹ میچوں میں 912 رنز بنائے ہیں اور ان کی اوسط 31.44 ہوگئی ہے جب کہ وہ اپنے وقت کے دوران تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ بنگلہ دیش نے ان کی قیادت میں تین ٹیسٹ جیتے اور دو ڈرا ہوئے جبکہ باقی 12 میں شکست کھائی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹیسٹ سیریز 16 جون سے اینٹیگا میں شروع ہوگی۔