ایشین فٹبال کپ 2023 ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے بولی 30 جون کو لگے گی
آخری ٹورنامنٹ سال 2019 میں قطر نے جیتا تھا
چین کے کورونا وائرس کے باعث ایشین فٹبال سے دستبرداری کے اعلان کے بعد گورننگ باڈی نے سال 2023 میں ایشیاء کپ کی میزبانی کے لیے دیگر ممالک کو مدعو کرلیا۔
ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے خواہشمند ممالک کو مدعو کرلیا ہے تاہم جاپان کو ایشین فٹبال ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جارہا ہے۔
حکام کے مطابق نئی بولیاں جمع کروانے کیلئے 30 جون کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے جس سے پہلے فیڈریشنز ایونٹ کی میزبانی کےلیے درخواست جمع کرواسکتی ہیں۔
چینی حکام نے ایشین فٹبال فیڈریشن کی گورننگ باڈی کو مئی کے وسط میں آگاہ کردیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے باعث 24 ٹیموں کے مقابلے کی میزبانی نہیں کرسکیں گے، ایونٹ اگلے سال جون اور جولائی میں چین میں منعقد ہونا تھا۔
مزید پڑھیں: چین ایشین فٹبال کپ 2023 کی میزبانی سے دستبردار ہوگیا
دوسری جانب جاپان فٹبال ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوزو تاشیما کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے ہم پرجوش ہیں، اگر ہمیں میزبانی کا موقع ملتا ہے تو دلچسپ ہوگا۔
واضح رہے کہ جاپان کے علاوہ قطر یا سعودی عرب ٹونارمنٹ کی میزبانی کرسکتے ہیں۔ دونوں ممالک 2027 کے ایڈیشن کی میزبانی کے لیے بولی میں حصہ لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایشین فٹبال ٹورنامنٹ 2019 میں منعقد ہوا تھا جس میں قطر نے کامیابی سمیٹی تھی۔