کراچی میں فیکٹری کے پاس کھدائی کے دوران 3 افراد کی باقیات برآمد

انسانی باقیات 6 سے 7 سال پرانی لگتی ہیں، مختلف عمروں کے افراد کی دو کھوپڑیاں اور ہڈیاں برآمد ہوئیں، پولیس


Staff Reporter May 31, 2022
فوٹو، فائل

شہرقائد میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سپارکو روڈ پر فیکٹری کے شیڈ کی تعمیر کے لیے کھدائی کے دوران 3 افراد کی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپارکو روڈ پر پلاٹ خریدنے کے بعد مقامی کمپنی شیڈ ڈالنے کے لیے ایکسیویٹرز کی مدد سے کھدائی کررہی تھی کہ اس دوران تین مختلف عمروں کے افراد کی دو کھوپڑیاں اور ہڈیاں برآمد ہوئیں، اطلاع ملتے ہی موچکو پولیس موقع پر پہنچی اور انسانی باقیات کو قبضے میں لے لیا۔

ایس ایس پی فدا حسین جانوری کا کہنا ہے کہ ہڈیاں 6 سے 7 سال پرانی معلوم ہوتی ہیں جن سے مرنے والوں کی عمروں کا تو اندازہ بظاہر نہیں لگایا جاسکتا ہے جبکہ وجہ موت بھی فوری طور پر نہیں بتائی جاسکتی، بظاہر ہڈیاں ایک بچے اور دو بڑوں کی معلوم ہوتی ہیں جن کی جنس کے بارے میں بھی فوری طور پر معلومات پولیس کے پاس نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام ہڈیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ موچکو تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر چوہدری شاہد کے مطابق جس مقام سے یہ انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں اس سے تھوڑے فاصلے پر قبرستان بھی موجود ہے، ایک پہلو یہ بھی ہے کہ کہ ممکنہ طور پر کسی دور میں اس مقام پر قبرستان ہو اور وہ قبریں سڑک یا تعمیرات کی بھرائی میں غائب کردی گئی ہوں تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں