نامور بھارتی گلوکار ’کے کے‘ لائیو پرفارمنس کے بعد انتقال کرگئے

معروف پلے بیک سنگر کرشنا کمار کناتھ کا انتقال 53 برس کی عمر میں ہوا


ویب ڈیسک May 31, 2022
گلوکار کرشنا کمار کا انتقال ہوگیا(فوٹو فائل)

معروف بھارتی گلوکار و اداکار کرشنا کمار عرف 'کے کے' 53 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نامور گلوکار و اداکار کرشنا کمار ریاست مغربی بنگال کے شہر کلکتہ میں منعقدہ ایک کنسرٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہے تھے کہ اچانک ان کی طبعیت بگڑی اور وہ اپنے ہوٹل روانہ ہوگئے۔

'کے کے' کے نام سے مشہور گلوکار کی طبعیت مزید بگڑی وہ بےچینی محسوس کرنے لگے اور زمین پر گر گئے جس کے بعد ان کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے کرشنا کمار کی موت کی تصدیق کی۔

کرشنا کمار کناتھ 22 اگست 1968 کو دہلی میں پیدا ہوئے اور 53 برس کی عمر میں کلکتہ میں دار فانی سے کوچ کرگئے، متوفی نے پسماندگان میں بیوی اور بچے چھوڑے ہیں۔

گلوکار اور کمپوزر نے ہندی سمیت تامل، تیلگو، کناڈا اور بنگالی زبانوں میں بھارتی فلم انڈسٹری کو متعدد معروف گانے دئیے، انہوں نے اپنے کرئیر کے دوران بالی وڈ کے لیے پلے بیک گلوکاری پر توجہ مرکوز رکھی۔

کرشنا کمار نے اپنے گانوں کی پہلی البم 'پال' 1999 میں ریلیز کی تھی، گلوکار کے مشہور گانوں میں'دل عبادت، توہی میری شب ہے، سن ذرا، تڑپ تڑپ کے اس دل سے آہ نکلتی رہی، دس بہانے کرکے لے گئے دل' سمیت متعدد گانے شامل ہیں جنہیں بھارت سمیت دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی۔

گلوکار اور کمپوزر کی موت پر بھارتی لیجنڈ ویرینڈر سیواگ، ارمان ملک سمیت مداحوں ، فنکاروں اور سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے اظہار افسوس کیا جارہا ہے۔





تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں