پاکستانی ویمنز ٹیم کی نگاہیں ون ڈے ٹائٹل پر مرکوز

سری لنکا سے سیریزکی ٹرافی کی رونمائی ہوگئی، آج پہلا میچ کھیلا جائے گا


Sports Reporter June 01, 2022
قیمتی پوائنٹس کا حصول مقصد ہے (بسمہ) جیتنے کیلیے پلان بنالیا، چماری اتاپتو ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ویمنز ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، دونوں ٹیمیں آج سے ٹائٹل پر قبضے کیلیے میدان سنبھالیں گی۔


پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ویمن ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی ٹرافی کی ساؤتھ اینڈ کلب میں رونمائی کر دی گئی، دونوں ٹیموں کی کپتانوں بسمعہ معروف اور چماری اتاپتو نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ساوتھ اینڈ کلب گراونڈ، ڈی ایچ اے میں ہی ہورہا ہے۔

3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کرنے والی میزبان ٹیم کو نفسیاتی سبقت اور ہوم ایڈوانٹج حاصل ہے، آئی سی سی رینکنگ چیمپئین شپ کا حصہ ہونے کے ناطے دونوں ٹیموں کے لیے 3 میچز کی سیریز اہمیت کی حامل ہے،آؤٹ آف فارم وکٹ کیپر گل فیروزہ کے لیے سیریز آزمائش ہوگی جبکہ صدف شمس کو پہلا ون ڈے انٹر نیشنل کھیلنے کا بھی موقعہ مل سکتا ہے۔

قومی کپتان بسمعہ معروف کہتی ہیں کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز بھی اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارا مقصد آئی سی سی چیمپئن شپ کے لیے پوائنٹس جوڑ کر عالمی ویمنز کپ 2025 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے، مستقبل میں بہتر نتائج کے لیے ڈومیسٹک ویمن کرکٹ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب سری لنکن ویمنز کپتان چماری اتاپتو نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی توقع ظاہر کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم مضبوط ہے لیکن ہم نے میزبان سائیڈ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے، ہمارا انحصار نوجوان کھلاڑیوں پر ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دورہ پاکستان میں بہت خلوص اور محبت مل رہی ہیں، لذیز پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، دورہ خوشگوار اور یادگار رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں