وزیراعظم شہباز شریف کا پاک ترک تجارتی حجم 5 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا عزم
ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالر سے زیادہ ہیں، ترکی نے ڈیموں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی، وزیراعظم
TRIPOLI:
وزیراعظم شہباز شریف نے عشائیے کے دوران خطاب کرتے ہوئے آئندہ 3 سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار منگل کی شب یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز آف ترکی (ٹی او بی بی) کے صدر رفعت حسارچِکولو کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ان دنوں ترکی کے تین روزہ سرکاری دورے پر انقرہ میں موجود ہیں، جہاں سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ترک سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور ترکی کی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ آئندہ 3 سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم کرے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی حجم 1.1 ارب ڈالر ہے جس کو باہمی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششوں سے آئندہ تین سال کے دوران 5 ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ہدف کے حصول کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، ترک سرمایہ کار پاکستان میں کلچر، موسمیاتی تبدیلی، آئی ٹی، ڈیری فارمنگ، ٹیکسٹائل اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان ترک سرمایہ کاروں کا دوسرا گھر ہے، ترکی کے دشمن ہمارے دشمن ہیں۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترکی نے صدر طیب اردوان کی دانشمندانہ قیادت میں شاندار ترقی کی ہے، ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالر سے زیادہ ہیں، ترکی نے ڈیموں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان عشروں پر محیط قریبی، تاریخی، دوستانہ تعلقات ہیں، ترکی کی جنگ آزادی میں برصغیر کے مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ یہ ان کی ترکی کے ساتھ والہانہ محبت کا ثبوت ہے، ہمارے آبائو اجداد کو ادراک تھا کہ ہمارے دوستانہ تعلقات ہمیشہ برقرار رہیں گے۔
وزیراعظم کے دورے کے موقع پر یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈٹی ایکسچینجز آف ترکی (ٹوب) کی عمارت کے ٹاورز پر پاکستان اور ترکی کے بڑے بڑے پرچم آویزاں کئے گئے تھے۔
ٹوب کے صدر نے وزیراعظم کو اپنے ادارے کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک وہیکلز کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔