لیاری میں قبضے کی جنگ فائرنگ و بم حملے 4 ہلاک گلبرگ میں متحدہ کا کارکن قتل

عذیر اور لاڈلا کے کارندوں نے لیاری کاسکون چھین لیا،نوالین،شاہ بیگ لین، کمیلہ اسٹاپ، ماڑی پور روڈ پر 4 افراد مارے گئے


Staff Reporter March 05, 2014
کٹی پہاڑی پرچوکی پرحملے کے بعد مقابلہ، مبینہ حملہ آور ہلاک، سمن آبا دمیں متحدہ سیکٹرکمیٹی کاسابق رکن 35سالہ مشتاق جاں بحق،متعدڈزخمی۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: لیاری میں عذیربلوچ اور بابالاڈلاکے کارندوں کے درمیان جاری قبضے کی جنگ نے علاقے کاسکون چھین لیا،دوطرفہ فائرنگ اور بم حملوں کے نتیجے میں4افرادہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے جبکہ گلبرگ میں فائرنگ سے متحدہ کاکارکن جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے میں گینگ وار کے کارندے پیراورمنگل کی درمیانی شب ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے ،منگل کو بھی دن بھر متحارب گروپ علاقے میں آزادانہ دندناتے رہے ،شاہ بیگ لین ، کلاکوٹ ، نوالین ،بغدادی ، لیمارکیٹ ، تانگہ اسٹاپ،کلری ، ماڑی پور روڈ ، بہار روڈ ، الفلاح روڈ ، احمد شاہ بخاری روڈ ، گل محمد لین اوردیگر علاقے دن بھر فائرنگ سے گونجتے رہے،نوالین کی گلی نمبر 11 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ یونس ہلاک ہوگیا ،مقتول انجینئر جبکہ ایک سابق رکن اسمبلی کارشتے دار بھی تھا۔بغدادی کے علاقے شاہ بیگ لین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30سالہ اخترگل ہلاک ہوگیا۔کمیلہ اسٹاپ پر کار سوار ایک مغوی 20 سالہ بلال کو اپنے ہمراہ لائے اور اسے مردہ سمجھ کرپھینک کر فرار ہوگئے ، فوری طور پر مغوی نوجوان کو سول اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ چند گھنٹے بعددوران علاج دم توڑ گیا، بلال کونامعلوم افراد نے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعدگولیاں ماری تھیں۔ کلری ماڑی پورروڈپرنامعلوم کارسوارافرادکی فائرنگ سے35سالہ عظیم خان ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول ڈکیتی و رہزنی سمیت کئی جرائم میں ملوث تھا۔علاوہ ازیں کلاکوٹ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ موسیٰ خان اور 25 سالہ ریاض زخمی ہوگئے ، ماڑی پور روڈ پر 70 سالہ شیر احمد، لی مارکیٹ میں 20 سالہ سنتوش ، شاہ بیگ لین میں 47 سالہ احمد شاہ اور سنگولین میں 16 سالہ ولید بلوچ زخمی ہوگئے۔علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عذیر بلوچ کے گھر پر بھی نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکے تاہم پولیس نے لاعلمی کا اظہارکیا۔رات گئے تک لیاری میں صورتحال انتہائی کشیدہ تھی جبکہ پولیس و رینجرز کانام و نشان تک نہیں تھا۔گلبرگ کے علاقے سمن آبادمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن35سالہ مشتاق احمدہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول مزیدارحلیم کے قریب زم زم نمکو کے سامنے سے گزر رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا گلبرگ سیکٹر کا سابق انچارج اورفیڈرل بی ایریا بلاک 18کا رہائشی تھا۔ گلبرگ کے علاقے میں ہی شارع پاکستان پ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 سالہ واجدزخمی ہوگیا۔

ولیکا اسپتال کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 8 سالہ حسنہ زخمی ہوگئی۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لیاری گینگ وار کے کارندوں نے کلاکوٹ تھانے کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ لاہوتی میڈیکل سینٹر کے قریب فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کر دیاجس کے نتیجے میں60سالہ عبدالرزاق ، 30 سالہ قاسم ، 28 سالہ عمران اور 30 سالہ محمد عارف سمیت 9افراد زخمی ہوگئے جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں ، زخمیوں کو سول اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال لایا گیا۔واضح رہے کہ کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات نے ایک پریس بریفنگ کے دوران لیاری میں امن و امان کے قیام اورعلاقہ مکینوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اضافہ نفری تعینات کرنے کادعویٰ کیا تھا تاہم ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ان کی جانب سے لیاری میں اضافی نفری مہیانہیں کی گئی جبکہ رینجرز اور پولیس کے درجنوں نمائشی اور فرمائشی محاصرے ، چھاپے اور ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجودلیاری گینگ وار کے ملزمان آزادانہ جدید ہتھیاروں سے دنداناتے رہتے ہیں اور انھیں کوئی پکڑنے کے لیے نہ تو رینجرز لیاری میں داخل ہو سکتی ہے اور نہ ہی پولیس میں اتنی ہمت ہے کہ وہ گینگ وار کے ملزمان پر ہاتھ ڈال سکے۔

کٹی پہاڑی کے قریب رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ حملہ آور ہلاک زخمی ہوگیا ، رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص نے چوکی پر حملہ کیا تھا جوابی فائرنگ میں مارا گیا،مقابلے میں اے ایس آئی ندیم تنولی زخمی ہوگیا۔ایس پی اورنگی ٹاؤن ملک احسان نے بتایاکہ مارے جانے والا حملہ آور نے رینجرز کی چوکی پر فائرنگ کی تھی جس پر پیر آبادپولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جہاں مقابلے کے دوران مبینہ حملہ آورہلاک ہوگیا تاہم اس کی فوری طور پرشناخت نہیں ہو سکی۔بلدیہ ٹاؤن 12نمبر کے قریب پولیس کے مبینہ مقابلے میں 2 افراد 25 سالہ یاسین اور 24 سالہ عبید زخمی ہوگئے ، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زخمی ہونے والے دونوں ڈاکو ہیں اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہواہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں