شان مسعود کو مڈل آرڈر میں آزمانے سے کپتان کا گریز
فخر اور امام کی موجودگی میں عبداللہ شفیق کو بھی ون ڈے نہیں کھلاسکتے، بابر اعظم
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ اوپنر شان مسعود کو مڈل آرڈر میں کھلانا انکے ساتھ 'انصافی' ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کپتان بابراعظم نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کیلیے متوازن کمبی نیشن اہم ہوتا ہے، وائٹ بال کرکٹ میں ہمارا ٹاپ آرڈر اچھا پرفارم کررہا ہے، شان مسعود اچھی فارم میں مگر بطور اوپنر کھیلتے ہیں اگر جگہ بنانے کیلیے ان کو 5ویں نمبر پر کھلا دیں تو ان کے ساتھ بھی ناانصافی ہوجائے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ دستیاب کھلاڑیوں کے باوجود ہمیں ٹیم کی ضرورت اور کمبینیشن کو دیکھنا پڑتا ہے، شان کاؤنٹی کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے بعد نظروں میں ہیں انہیں جلد آزمایا جائے گا۔
محمد حارث کو موقع دینے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹر کے طور پر محمد رضوان زبردست کارکردگی پیش کرتے ہیں، وہ ٹیم اور میرے ساتھ ثابت قدم رہتے ہوئے اننگز کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، محمد رضوان کی ٹیسٹ پرفارمنس وائٹ بال کی بانسبت اچھی نہیں مگر فارم کا مسئلہ تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ محمد حارث کو ٹیسٹ کرکٹ کھلانا جلد بازی ہوگی، ضرورت پڑنے پر بیک اپ میں ان کا ہونا خوش آئند ہے، ون ڈے سیریز کیلیے امام الحق اور فخرزمان کی موجودگی میں فی الحال عبداللہ شفیق کی جگہ نہیں بنتی۔
افتخار احمد کو ٹاپ آرڈر میں کھلا کر زیادہ اوورز کھیلنے کا موقع دینے کے سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بیٹر کی اسی پوزیشن پر جگہ بنتی ہے، ان کو اننگز کی صورتحال کے مطابق ہدف دیتے ہیں، وہ ضرورت پڑنے پر محتاط یا جارحانہ دونوں انداز میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔