سری لنکن مسلمان رواں سال حج نہیں کرسکیں گے

سعودی عرب نے ایک ہزار 585 سری لنکن عازمین کو حج کوٹے کی منظوری دی تھی

(فوٹو: العربیہ) سعودی عرب نے ایک ہزار 585 عازمین کو حج کوٹے کی منظوری دی تھی

MOSCOW:
سری لنکا میں معاشی بحران کے باعث رواں سال وہاں کے مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کو آزادی کے بعد سے پہلی شدید معاشی بحران کا سامنا ہے جس کے باعث حکومتی منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ملک کے مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق نیشنل حج کمیٹی نے ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن اور مسلم مذہبی اور ثقافتی امور کے محکمے سمیت کئی دیگر جماعتوں کی بات چیت کی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ سری لنکا کے موجودہ معاشی حالات ٹھیک نہیں اس لیے کوئی بھی مسلمان حج نہیں کرسکے گا۔


حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر سعید ایم رسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سال کے حج کو ترک کرنے کا فیصلہ مسلم کمیونٹی کے ارکان کی طرف سے ملک کی خاطر کیا گیا ہے تاکہ مشکل وقت میں قوم سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت ڈالر کے سنگین بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لیے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کرنسی کی ضرورت ہے۔ ہماری کوشش ہے مسلمان اس کٹھن وقت میں حکومت کا ساتھ دیں۔

قبل ازیں سعودی عرب نے 2022 کے لیے سری لنکا سے ایک ہزار 585 عازمین کو حج کوٹے کی منظوری دی تھی۔
Load Next Story