بلوچستان کی ہائی ویز پر خصوصی کیمرے نصب کرنے کا اعلان
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، آئی جی موٹر وے کی ہدایت
موٹر وے پولیس نے بلوچستان سمیت ملک بھر کی تمام قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کے لیے خصوصی کیمرے نصب کرنے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی موٹر وے کوئٹہ خالد محمود کا کہنا ہے کہ ''باڈی وارن کیمرے'' پاکستان کی تمام قومی شاہراہوں پر فعال کیے جارہے ہیں جس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے آئی جی کی جانب سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے پیٹرولنگ کی جائے جبکہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے رعایت نہ کی جائے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے موٹر وے پر سیکیورٹی فراہم کی جاسکے گی۔