کراچی جیل چورنگی کے قریب متاثرہ عمارت مخدوش قرار اسٹور مالک کیخلاف مقدمہ درج

چیزڈپارٹمنٹل اسٹور کے مالک کی ایک غلطی نے 15منزلہ عمارت کے170 فلیٹوں کے مکینوں کاآشیانہ داؤ پر لگادیا

 عمارت کے کالم اور اسٹریکچر کو بری طرح نقصان پہنچا ہے عمارت کو مسمار بھی کیا جاسکتا ہے،ذرائع ۔ فوٹو : ایکسپریس

نسلہ ٹاور کے بعد جیل چورنگی پر قائم رہائشی پلازہ کے مکین بھی سڑکوں پر آگئے۔

چیزڈپارٹمنٹل اسٹور میں لگنے والی آگ نے عمارت کی بنیادیں ہلا دی عمارت کو عارضی طور پر مخدوش قرار دے کر خالی کرالیا گیا جبکہ چیزڈپارٹمنٹل اسٹور کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم اس عمارت کے مکینوں کا مستقبل کیا ہوگا کسی کو کچھ نہیں پتہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق جیل چورنگی پر قائم پر نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور کے گودام میں آگ لگی جس کو 48 گھنٹوں میں بھی مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس عمارت کے کالم اور اسٹریکچر کو بری طرح نقصان پہنچا، ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ عمارت کو عارضی طور پر مخدوش قرار دے کر خالی کرالیا کیونکہ ڈپارٹمنٹل اسٹور کے اوپر تقریبا 15 منزلہ رہائشی عمارت بنی ہوئی ہے۔


اس میں 170 فلیٹ ہیں جو تمام کے تمام آباد ہیں لوگ رہائش پذیر ہیں عمارت کو اگر کوئی نقصان ہوا تو بہت بڑا سانحہ ہونے کا خدشہ ہے آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد ہماری ماہرین کی ٹیم عمارت کا معائنہ کرے گی پھر فیصلہ کیا جائے گا کہ عمارت رہائش کے قابل ہے یا نہیں ایس بی سی اے حکام کی درخواست پر فیروز آباد تھانے میں ڈپارٹمنٹل اسٹور کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ پارکنگ ایریا کو گودام کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا اور آگ کو قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مقدمہ عدیل اقبال،فراز اقبال اور فہد اقبال کے خلاف درج کیا گیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ جس طرح نسلہ ٹاور میں چند گز کو غیرقانونی طور پر بلڈر نے استعمال میں لیا جس کو بنیاد بنا کر 44 فلیٹوں کے مکین در بدر ہوگئے تاہم اسی طرح ایس بی سی اے حکام کے مطابق سپر اسٹور کے مالک کی ایک غلطی نے اسٹور کو تباہ کردیا،15 منزلہ عمارت کے رہائشیوں کے آشیانوں کو بھی داؤ پر لگا دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اگر عمارت کے کالم متاثر ہوئے تو عمارت کو مسمار بھی کیا جاسکتا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ ایک غلطی نے سینکڑوں لوگوں کو گھروں سے در بدر کردیا ، ایس بی سی اے کی جانب سے سپر اسٹور مالک کو نوٹس بھی دیے گئے ہیں، اب عمارت کی مکمل رپورٹ آنے کے بعد ان فلیٹوں کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا کہ یہ رہائش کے قابل ہیں یا نہیں ہیں۔
Load Next Story