فیکٹری میںآتشزدگی کی عدالتی تحقیقات ہوگیگورنرسندھ

وزیراعلیٰ کاجاں بحق افرادکے لواحقین کوفی کس3لاکھ،زخمیوںکو50ہزارروپے امدادکااعلان


Staff Reporter September 13, 2012
کراچی،گورنر عشرت العباد آتشزدگی کا شکارفیکٹری کے باہر موجود خواتین سے بات چیت کررہے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادنے کہاہے کہ کراچی میں فیکٹری میںآگ لگنے کے سانحے کی عدالتی تحقیقات ہوگی۔

فیکٹری مالک کانام ای سی ایل میں ڈلوادیاگیاہے جبکہ غفلت ولاپرواہی کے مرتکب سرکاری عملے کے خلاف بھی کارروائی کے احکامات دے دیے ہیں،اس قومی سانحے میں ملوث کسی بھی فردکونہیں چھوڑاجائے گا۔وہ متاثرہ فیکٹری کے دور ے کے موقع پرمیڈیاسے گفتگوکررہے تھے۔اس موقع پران کے ہمراہ وفاقی وزیرپورٹ اینڈشپنگ بابرغوری،صوبائی وزراڈاکٹرصغیراحمد،شرجیل میمن،پیر مظہر الحق،آئی جی پولیس فیاض لغاری،کمشنر کراچی روشن شیخ،ایڈمنسٹریٹرمحمد حسین سیدسمیت دیگراعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔گورنرنے صورتحال کاجائزہ لیااورمتاثرین سے بھی ملے۔

ڈاکٹر عشرت العبادنے کہاکہ تحقیقات کے نتیجے میں جوفردبھی سانحے کاذمے دارپایاگیااسے کیفرکردارتک پہنچایا جائے گا،المناک حادثے پرپوری قوم افسردہ ہے،اگرذمے داریوں پرمامور افراداپنی ذمے داری دیانت داری سے ادا کرتے تو اتنابڑا سانحہ نہیں پیش آتا۔ اس موقع پرجاں بحق افرادکے ورثانے گورنرسندھ کو بتایا کہ فیکٹری کے حادثے میں ہلاک ہونے والے ان کے گھر کے واحد کفیل تھے جس پر گورنرنے کہا کہ حکومت ان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کو دکھ کی اس گھڑی میں تنہانہیں چھوڑے گی۔

دریں اثناوزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے تین تین لاکھ روپے فی کس اورزخمیوں کے لیے پچاس پچاس ہزارروپے فی کس فوری امداد کااعلان کیاہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سانحے پردلی افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دکھ اوررنج کا اظہارکیاہے اورمحکمہ صنعت،محنت،الیکٹرک انسپکٹرسندھ اوردیگرذمے داروں کو ہدایت کی کہ صوبے بھرکی فیکٹریوںکاقانون کے مطابق مقررہ اوقات میں معائنہ کیاجائے اورمالکان کوغلطیوںکی نشاندہی کرائی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے رتو دیرو بس حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت پربھی دلی افسوس کا اظہار کیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں