ملک بحرانوں سے نکلے گا مگر کچھ وقت لگے گا مریم نواز

حکومت مشکل ترین معاشی حالات میں بھی پوری محنت اور توجہ سے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، نائب صدر ن لیگ


ویب ڈیسک June 03, 2022
عمران کی پھیلائی ہوئی تباہی سے اگر کوئی جماعت پاکستان کو نکال سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے، مریم نواز (فوٹو فائل)

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی ردعمل کی شدت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عوام کو درپیش مسائل کا احساس اور ادراک ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت مشکل ترین معاشی حالات میں بھی پوری محنت اور توجہ سے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔ مریم نواز نے یقین دہانی کروائی کہ ان شا اللہ آیندہ دنوں میں بہتری آئے گی۔

سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدوں پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان دور کے ظالمانہ معاہدے آج بھی قوم مہنگے پٹرول اور مہنگی بجلی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ مہنگائی نے گزشتہ 4 برس سے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی بنیادیں مضبوط کررہی ہے۔ مسلم لیگ ن ہی ایک بار پھر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پی ٹی آّئی کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ باقی شرپسندی کی طرح اس کال پر بھی ایک بندہ نہیں نکلا۔ ٹوئٹر پیغام میں مریم کا کہنا تھا کہ عوام ناصرف اس فتنے، تخریب کار اور بھگوڑے کو جان چکی ہے بلکہ عوام کو یہ بھی معلوم ہے کہ عمران کی پھیلائی ہوئی تباہی سے اگر کوئی جماعت پاکستان کو نکال سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ابھی کچھ وقت لگے گا لیکن پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں