ملک میں بڑھتی مہنگائی کو مزید پر لگ گئے

مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد اضافہ ہوا، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ 20.04 فیصد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا

فوٹو، فائل

ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے مہنگائی کی صورت اثرات گہرے ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ 20.04 فیصد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔


وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3جون 2022 کو ختم ہونے والے حالیہ ہفتے کے دوران بھی ملک میں مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 20.04 فیصد ہوگئی، حالیہ ہفتے ملک میں 28 اشیائے ضروریہ مہنگی جبکہ پانچ سستی ہوئیں۔ 18 کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق 3 جون 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران روٹی، آلو،پیاز، اانڈے، چینی، دودھ، دہی، چاول، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، دال مونگ، دال چنا، دال مسور، دال ماش، انرجی سیور، سرسوں کا تیل، واشنگ سوپ اور پٹرولیم مصنوعات سمیت مجموعی طور پر 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور آٹا، چکن، لہسن، ٹماٹر اور ایل پی پر مشتمل 5 اشیا سستی ہوئی ہیں۔

ہفتہ وار رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے دوران روٹی 2.72فیصد، دال مسور 2.33فیصد، دال چنا1.99فیصد، دال ماش1.69 فیصد، چینی1.93 فیصد، سرسوں کا تیل 2.65، انڈے6.38فیصد، آلو9.08فیصد، ویجی ٹیبل گھی4.59فیصد اور پٹرول19.91 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیژل20.69 فیصد مہنگا ہوا ہے جبکہ ایل پی جی0.74 فیصد، آٹا 1.91فیصد، چکن4.68 فیصد، لہسن 2.75فیصد اور ٹماٹر1.26 فیصد سستے ہوئے۔
Load Next Story