پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ہے سرمایہ لے جانے پر پابندی نہیں پرویز اشرف

سرمایہ کاروںکوقانونی تحفظ حاصل ہے،بھارت کیساتھ تعلقات مرحلہ واربہترہورہے ہیں،پاکستان کے بارے میںمباحثہ میںاظہارخیال


Tanveer Qaisar Shahid September 13, 2012
سرمایہ کاروںکوقانونی تحفظ حاصل ہے،بھارت کیساتھ تعلقات مرحلہ واربہترہورہے ہیں،پاکستان کے بارے میںمباحثہ میںاظہارخیال۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اقتصادی دنیا کیلیے پاکستان توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، نقل و حمل اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کی کثیرجہتی راہ گزر کیلیے رابطہ پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

معیشت کے تمام شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلیے کھلے ہیں ،سرمایہ لے جانے پر کوئی پابندی نہیں، سرمایہ کاری کو قانونی تحفظ حاصل ہے ۔ وہ بدھ کو یہاں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ''پاکستان کے بارے میں بزنس انٹر ایکشن گروپ'' کے مباحثے کی سربراہی کے دور ان اظہار خیا ل کررہے تھے۔وزیراعظم راجاپرویز اشرف نے کہا کہ اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل اور شفافیت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلیے سازگار فضا پیدا کرنے کیلیے بہت ضروری ہے، حکومت اپنے اقتصادی فلسفے کے تحت کاروبار میں سہولت، اصلاحات اور ڈی ریگولیشن کیلیے پرعزم ہے۔

ملک کی معیشت میں اس سال 4 فیصد سے زیادہ شرح نمو کی توقع ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے اسٹرٹیجک محل وقوع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ توانائی کے وسائل سے مالا مال اور تیزی سے ترقی کرنے والے وسطی اور مغربی ایشیا تک آسان رسائی فراہم کرتاہے ۔ انھوں نے کہا کہ کوریائی کمپنی نے بلوچستان میں 300 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کی تعمیر میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، حال ہی میں سولر انرجی پلانٹس کیلیے اپ فرنٹ ٹیرف کاتعین کیا گیاہے ، بندرگاہوں اور ریلویز کوجدید خطوط پر استوارکرنے کے مواقع بھی موجود ہیں۔

بھارت کے ساتھ ثقافتی تبادلوں میں اضافے کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے نئے ویزا معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات مثبت انداز میں مرحلہ وار بہتر ہو رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم سے برطانیہ کے سابق وزیراعظم گورڈن برائون نے ملاقات کی، گورڈن برائون نے کہا کہ فروغ تعلیم کے لیے ماہرین اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریںگے ، گورڈن برائون نے کہا کہ وفد پاکستان کے دورے کے بعد اپنی رپورٹ تیار کرے گا اور اپنی تجاویز اپریل میں ہونے والے اجلاس میں پیش کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں