سیناریو میچ بولرز بیٹرز پر بھاری پڑ گئے

حارث ، وسیم جونیئر اور زاہد کی 2 ، 2 وکٹیں، تربیتی کیمپ کے دوران 50 اوورز کی اننگز میں بابر ففٹی بناکر رن آئوٹ ہوئے

محمد رضوان 19، افتخار احمد 10، خوشدل شاہ 5 تک محدود رہے فوٹو: فائل

سیناریو میچ میں بولرز بیٹرز پر بھاری پڑگئے جب کہ تربیتی کیمپ کے دوران 50 اوورز کی اننگز میں بابر اعظم ففٹی بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف ملتان میں شیڈول ون ڈے سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ کی مشقوں کا سلسلہ لاہور میں جاری ہے،تربیتی کیمپ کے دوسرے روز قومی کرکٹرز نے قذافی اسٹیڈیم میں ہلکی پھلکی ٹریننگ سے آغاز کرتے ہوئے جسمانی استعداد کو بہتر بنانے کے لیے مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،شام کو 6 بجے پورے اسکواڈ نے سیناریو بیس میچ کیلیے ایل سی سی اے گراؤنڈ کا رخ کیا، کوچز نے بیٹرز کو 50 اوورز کی پوری اننگز میں پلان کے مطابق جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا ٹاسک دیا، بولرز کی لائن و لینتھ کے کنٹرول کا امتحان لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

پیسرز اور اسپنرز کو اننگز کی صورت حال کے مطابق اپنی فیلڈنگ سیٹ کرنے کا موقع بھی دیا گیا،جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور فخر زمان کی میچ پریکٹس کی خواہش ادھوری رہ گئی، اوپنر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، امام الحق اچھی فارم میں نظر آئے، چند عمدہ اسٹروکس بھی کھیلے مگر اننگز کو زیادہ طول نہیں دے پائے اور 34 پر وکٹ گنوا بیٹھے، محمد رضوان تیز کھیلنے کی کوشش میں 19 پر میدان بدر ہوگئے۔

بابر اعظم نے تسلسل کے ساتھ باؤنڈریز حاصل کرتے ہوئے حارث رِوف اور شاہین شاہ آفریدی سمیت پیسرز کو پریشان کیا، شاداب خان کو بھی عمدگی سے کھیلے مگر 57 پر رن آؤٹ ہوگئے،25اوورز مکمل ہونے پر ٹوٹل 125تھا،اس صورت حال میں خوشدل شاہ سے توقعات وابستہ تھیں کہ وہ اننگز کو استحکام دینے کے ساتھ رن ریٹ بھی بہتر بنانے میں کامیاب ہوں گے مگر ان کی اننگز 5 پر ہی تمام ہوگئی۔


ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں مڈل آرڈر کی مضبوطی کے لیے پاکستان کی امیدوں کا مرکز افتخار احمد بھی پیسرز کے سامنے ہمت ہار گئے، انھوں نے صرف 10 رنز بنائے،صرف 133رنز کے سفر میں 6 وکٹیں گر گئیں۔

بولنگ اسپیل ختم کرکے شاداب خان نے بیٹنگ کیلیے محمد نواز کو جوائن کرلیا، دونوں پاور ہٹنگ کے لیے کوشاں ہوئے تو ان کو شاہین شاہ آفریدی اور جارث رؤف کی تیز گیندوں کا سامنا کرنا پڑا، دونوں نے مشکل صورت حال میں 99 رنز کی شراکت سے بطور آل راؤنڈر اپنی افادیت ثابت کردی، شاداب خان 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز کی مزاحمت 41 پر ختم ہوئی، دونوں کے آؤٹ ہونے پر فخر زمان اور افتخار احمد کو دوبارہ بیٹنگ کے لیے بلا لیا گیا۔

40 اوورز میں بیٹرز 250 رنز نہیں بنا سکتے تھے، فخر زمان دوسری باری میں بھی 13 رنز ہی بناسکے، 47 اوورز میں ٹوٹل 278 تھا کہ اننگز تمام کرنے کا اعلان کردیا گیا۔میچ میں حارث رؤف، وسیم جونیئر اور زاہد محمود 2،2، شاہین شاہ، شاداب خان اور محمد ایک ایک وکٹ لے اڑے۔

میچ کے لیے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جنریٹرز کی مدد سے میں روشن رکھیں گئیں، پی سی بی کا گراؤنڈ اسٹاف بھی مسلسل معاونت کرتا رہا، آج بھی اسی طرز پر سیناریو میچ کھیلا جائے گا، اتوار کو پاکستان ٹیم ملتان روانہ ہوجائے گی، ویسٹ انڈین اسکواڈ کی آمد اگلے روز براستہ اسلام آباد ہوگی۔
Load Next Story