عابد علی قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پرعزم

سوفیصد کارکردگی پیش کرنا چاہوں گا، نتائج اللہ کے ہاتھ ہیں، اوپنر

سوفیصد کارکردگی پیش کرنا چاہوں گا، نتائج اللہ کے ہاتھ ہیں، اوپنر فوٹو:فائل

عابد علی قومی ٹیم میں واپسی کیلیے پْرعزم ہیں، اوپنر کا کہنا ہے کہ دل کی تکلیف ہوئی تو کیریئر ختم ہوتا نظر آرہا تھا، اپنی سو فیصد پرفارمنس پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

کرکٹ پاکستان ڈاٹ کام ڈاٹ پی کیلیے محمد یوسف انجم کو انٹرویو میں اوپنر نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ ان حالات سے گزرنا پڑے گا، دل کی تکلیف کے وقت لگتا تھا کہ کیریئر ہی ختم ہوگیا، گزشتہ 4یا 5ایک مشکل دور تھا، بہرحال اب حالات معمول پر آتے جارہے ہیں، مشکل وقت میں ساتھ دینے والے تمام لوگوں، پی سی بی خاص طور پر رمیز راجہ، این سی اے ڈاکٹرزکا شکریہ ادا کرتا ہوں،بحالی کے پروگرام میں ساتھ دینے والی ٹیم کا بھی شکر گزار ہوں، ڈاکٹرز، پرستاروں اور میڈیا کی حوصلہ افزائی سے انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کیلیے پر عزم ہوں۔


ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال میں مثبت سوچ رکھتے ہوئے ایک صحتمندانہ اور بہتر زندگی کی امید رکھنا ضروری ہے، سوفیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کروں گا، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں، اپنی فارم واپس حاصل کرتے ہوئے پہلے کی طرح پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں،خود کو فٹ اور چیلنجز کیلیے تیار رکھنے کی پوری کوشش کروں گا۔

عابد علی نے کہا کہ لاہور کے علاقے مزنگ میں وسیم اکرم اور سرفراز نواز جیسے کرکٹرز پیدا ہوئے، وہاں کھیلتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کا خواب دیکھا، انڈر 19سطح سے گریڈ ٹو اور فرسٹ کلاس کرکٹ تک طویل جدوجہد کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنائی اور پرفارم بھی کیا، ون ڈے اور ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری کا ریکارڈ بھی قائم کیا،زمبابوے کیخلاف ڈبل سنچری اور نعمان علی کے ساتھ شراکت کا ریکارڈ بھی بنایا، خوشی ہے کہ یہ اعزاز مجھے ہی نہیں بلکہ پاکستان کو بھی حاصل ہوئے، میڈیا نے بھی ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔
Load Next Story