فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ پاکستان نے پولینڈ کو شکست دے دی
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے پولینڈ کو 2 کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا
ISLAMABAD:
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے پولینڈ کو 2 کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزانے میں جاری فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے دو کے مقابلے میں چار گول سے پولینڈ کو شکست دے دی ہے۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول چوتھے منٹ میں مرتضی یعقوب نے 7ویں، 13 ویں اور 15 منٹ میں ابوزر نے تین گول اسکور کرکے ہیٹرک مکمل کی جبکہ پولینڈ کی جانب سے چھٹے منٹ وجیوک نے اور 19 ویں منٹ میں رابرٹ نے گول سکور کیا۔
واضح رہے پاکستان دوسرا میچ آج 4 جون کو پاکستانی وقت کے مطابق آٹھ بجے روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلے گا۔ 5 جون کو پاکستان کے دو میچز ہوں گے، پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق پانچ بجے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ جبکہ دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے ملائشیا کے ساتھ کھیلا جائے گا۔
بعد ازاں 5 جون کو فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔