آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کا حجم 800 سو ارب روپے ہوگا احسن اقبال
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ایس ڈی پی کے تحت وفاق کو 26 ارب روپے ملیں گے جبکہ پنجاب کو 58 ارب روپے، سندھ کو 62 ارب روپے، خیبرپختونخوا کو 48 ارب روپے، بلوچستان کو 112 ارب روپے، آزاد جموں و کشمیر کو 34 ارب روپے اور گلگت بلتستان کو 33 ارب روپے دیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے لیے ترقی کا ہدف 5 فیصد ہوگا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کے عمل میں تسلسل لانے کے لیے 90 فیصد فنڈز جاری منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ سال کے منصوبے میں ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دے رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت گوادر میں بجلی اور پانی کے مسائل کے حل کے لیے بجٹ مختص کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دور میں شروع ہونے والے منصوبوں پر کوئی کٹوتی نہیں لگائی، جو منصوبے گزشتہ حکومت نے شروع کیے وہ جاری رہیں گے، پی ایم آفس میں یونیورسٹی کا منصوبہ بوگس منصوبہ تھا جس کو ختم کر دیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام سے یونیورسٹی قائم کی جائے گی، عبدالقدیر خان نے مجھے خط لکھا تھا۔