پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلیے گالف کارٹ اور سیاحتی رکشوں کی سروس شروع

لاہور میں آج سے ڈبل ڈیکر سیاحتی بس کے نئے روٹ کا افتتاح بھی ہوگا

سیکریٹری سیاحت و آرکیالوجی احسان بھٹہ نے شاہی قلعہ اور مقبرہ جہانگیر کا دورہ کیا۔ فوٹو : ایکسپریس

محکمہ سیاحت نے پنجاب میں تاریخی مقامات کی سیاحت کے لیے آنے والے سیاحوں کے لیے گالف کارٹ اور سیاحتی رکشے کی مفت سروس شروع کر دی لیکن مفت سروس صرف ایک ہفتے کے لیے مہیا کی گئی ہے۔

لاہور کے شاہی قلعہ میں یہ سروس پہلے ہی میسر ہے تاہم اب مقبرہ جہانگیر، مقبرہ نورجہاں، ہرن مینار، قلعہ روہتاس، ٹیکسلا اور ہڑپہ میوزیم میں بھی سیاحوں کے لیے یہ سروس شروع کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے سیکریٹری سیاحت و آرکیالوجی احسان بھٹہ نے شاہی قلعہ اور مقبرہ جہانگیر کا دورہ کیا، انہوں نے گالف کارٹ کی سیر بھی کی، سیکریٹری سیاحت نے شاہی قلعہ میں سکھ نوادرات پر مشتمل گیلری اور مغلیہ گیلری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پرنسسز بمباں اور مغلیہ گیلری میں تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ مقبرہ جہانگیر کے دورہ کے دوران عملے کے کام کی تعریف کی۔

احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ مقبرہ جہانگیر سمیت دیگر تاریخی اور تحفظ شدہ مقامات کی بحالی کا کام بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں فریسکو، کاشی کاری کا باریک کام کرنے والوں کی کاریگروں کی تعداد کافی کم رہ گئی ہے۔ بھارت سے لال پتھر کی تجارت بند ہونے سے بھی شاہدرہ کمپلیکس میں موجود یادگاروں کا کام سست روی کا شکار ہے۔


انہوں نے آصف جاہ کے مقبرے پر بھی تعمیراتی کام کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ احسان بھٹہ نے نور جہاں مقبرے پر موجود لال پتھر سے کام کرنے والے کاریگروں سے بات چیت کی، جہانگیر اور نور جہاں مقبرے پر پی ٹیگ کی جانب سے دی گئیں گالف کارٹس اور ہیریٹیج رکشوں کی سیر بھی کی گئی، سیکریٹری نے گالف کارٹس اور رکشوں کو ایک ہفتے کے لیے مفت چلانے کا ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے محکمہ سیاحت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، آرکیالوجی سائٹس سے مالا مال پنجاب کو ثقافتی سیاحت کے لیے یاد رکھا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں آج اتوار سے لاہور میں ڈبل ڈیکر بسوں کے نئے روٹس کا آغاز ہو رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ایم ڈی ٹی ڈی سی پی اسداللہ فیض اور سیکریٹری سیاحت احسان بھٹہ شرکت کریں گے۔

قذافی اسٹیڈیم ٹرمینل سے ڈبل ڈیکر بس دوپہر دو بجے روانہ ہوگی جو کینال روڈ اور مال روڈ سے گزرتی ہوئی لاہور میوزیم پہنچے گی۔ سیاحوں کی میوزیم کی سیر بھی کرائی جائے گی، لاہور میوزیم کے بعد بس گریٹر اقبال پارک میں ہسٹری میوزیم جائے گی۔

لاہور کے دو تاریخی عجائب گھروں کی ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے سیر کا دورانیہ چار گھنٹوں پر مشتمل ہوگا۔
Load Next Story