کرن جوہر کی برتھ ڈے پارٹی میں شریک 55 مہمان کورونا میں مبتلا ہوگئے

کرن جوہر کی 50 ویں سالگری کی تقریب میں بالی ووڈ کے تقریباً تمام ہی سرکردہ ہیروز اور ہیروئنز کی شرکت کی تھی


ویب ڈیسک June 05, 2022
کرن جوہر کی سلاگرہ میں بالی ووڈ کے سرکردہ اداکاروں نے شرکت کی تھی، فوٹو: فائل

کرن جوہر کی 25 مئی کو ہونے والی سالگرہ کی تقریب میں شریک 55 مہمانوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف فلم میکر کرن جوہر کی 50 ویں برتھ ڈے پارٹی کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کا ذریعہ کا بن گیا۔ 25 مئی کو یش راج اسٹوڈیو میں ہونے والی سالگرہ کی عظیم الشان تقریب کی تھیم 'بلیک اینڈ بلنگ' تھی جس میں شوبز کی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔

''بالی ووڈ ہنگامہ'' نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کرن جوہر کی سالگرہ کی تقریب ایک ''سپر اسپریڈر ایونٹ'' بن گیا جس میں شریک 55 مہمانوں میں پہلے ہلکی علامتیں ظاہر ہوئی ہیں اور پھر بخار، حس میں کمی اور ذائقہ نہ ہونے کی شکایات ہوئیں جس پر ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آگیا۔

سالگرہ میں شریک مہمانوں نے کورونا ٹیسٹ کو خفیہ رکھا ہے تاہم ''بالی ووڈ ہنگامہ'' نے دعویٰ کیا ہے کہ 50 سے 55 مہمانوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ گزشتہ روز ہی کارتک آریان کو دوبارہ کورونا ہوگیا۔ وہ خود تو کرن جوہر کی پارٹی میں نہیں تھے لیکن انھیں یہ وائرس پارٹی میں موجود ان کی ہیروئن سے لگا۔

'' فلمی بیٹ'' کے ذرائع نے بھی کم از کم 50 مہمانوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔ اگرچہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں نے خود سے اس کا اظہار نہیں کیا لیکن رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تقریب کے بعد کورونا سے متاثر ہونے والوں میں بالی ووڈ کے کئی سرکردہ اداکار شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کرن جوہر کی 50 ویں سالگرہ کی رنگا رنگ تقریب میں سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان، اور سیف علی خان کے ساتھ ساتھ ہریتک روشن، کترینہ کیف، کرینہ کپور، ایشوریہ رائے اور رانی مکھرجی بھی شریک تھیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں