RAWALPINDI:
وزیراعظم شہباز شریف نے سوات کے علاقے پتنئی میں آگ بجھانے کے لیے 2 ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی درخواست پر وزیر اعظم نے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور ریسکیو 1122 مل کر تحصیل بابوزئی کے پتنئی مینگورہ علاقے میں آگ بجھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں؛ خیبرپختونخوا؛ پہاڑوں پر آگ لگنے کے واقعات میں 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق
خشک موسم اور تیز ہوا کے سبب آگ کو مزید پھیلنے سے بچانے کے لیے ہیلی کاپٹرز مانگے گئے تھے۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ اور معاون اداروں کی درخواست فوری منظور کرتے ہوئے آگ بجھانے کی ہدایات جاری کیں، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آگ بجھانے کے لیے فضائی امداد فوری فراہم کی جائے۔
دریں اثنا سوہاوہ کے نواحی علاقہ دل جبہ میں لگنے والی آگ پر 24 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا، رات سے لگی آگ پھڈیال سمیت قریبی جنگل تک پہنچ گئی اور کئی کلومیٹر تک پھیل گئی۔
آگ کے سبب لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی درخت جل کا راکھ بن گئے، جنگل میں موجود قیمتی جانوروں اڑیال، ہرن اور چیتے کی زندگیاں بھی خطرے سے دوچار ہوگئیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اڑیال اور ہرن کے شکار کے لیے مافیا نے جنگل کو آگ لگائی۔
ڈی ایف او جہلم سدھیر مغل نے کہا ہے کہ یہ جنگل محکمہ جنگلات چکوال کا ایریا ہے، آگ بہت تیز ہے جس پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔، ہماری ٹیمیں بھی رات سے موقع پر موجود ہیں۔