گانا چرانے پر کرن جوہر کیخلاف قانونی چارہ جوئی سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ابرار الحق

کرن جوہر کا صرف یوٹیوب کے ڈسکرپشن میں ایک سطر کا کریڈٹ دینا کافی نہیں، ابرار الحق

کرن جوہر نے فلم جگ جگ جیو میں ابرار الحق کا گانا نچ پنجابن استعمال کیا ہے، فوٹو: فائل

معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ گانا ''نچ پنجابن'' چوری کرنے پر کرن جوہر کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ابرار الحق نے شکوہ کیا کہ صرف یوٹیوب ویڈیو میں ایک لائن لکھ دینا گانے کا کریڈٹ دینا نہیں ہوتا۔ یہ عمل کافی نہیں۔ اس لیے کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف عدالت جانے کے فیصلے پر قائم ہوں۔

خیال رہے کہ مئی کے وسط میں بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے فل ''جگ جگ جیو'' کا گانا ''دی پنجابن گانا' کے عنوان سے پہلا آفیشل گانا شیئر کیا تھا جس میں ورون دھون، انیل کپور، کیارا اڈوانی اور نیتو سنگھ کو رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

کرن جوہر نے اس ویڈیو میں گلوکاروں اور گیت نگاروں کو کریڈٹ دیا تھا تاہم ابرار الحق سے گانا استعمال کرنے کی اجازت نہیں لی تھی جس پر ابرار الحق نے لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔


بعد ازاں یوٹیوب چینل پر اس گانے کی ویڈیو میں گلوکاروں میں تنشک باغچی کے ساتھ ابرار الحق کا نام بھی شامل کردیا تھا۔ جس پر گلوکار نے اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کافی نہیں۔ گانا اچھا تھا اس لیے کریڈٹ دیا گیا اور ان کی فلم کو ہٹ کر دے گا۔



قبل ازیں مووی باکس نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا تھا کہ گانے کو فلم میں شامل کرنے کے لیے باضابطہ طور پر لائسنس حاصل کیا گیا ہے، کرن جوہر اور ان کی پروڈکشن کمپنی کے پاس اس گانے کو فلم میں استعمال کرنے کے قانونی حق موجود ہے۔

جس پر ابرار الحق نے اضافی ٹویٹ میں واضح کیا تھا کہ انھوں نے اپنے گانا کی ملکیت کسی کو نہیں دی ہے اور اگر ایسا ہے تو اپنے دعوے کے ثبوت میں مووی باکس تحریری معاہدہ پیش کرے۔

واضح رہے کہ فلم ''جگ جگ جیو'' کو راج مہتا نے ڈائریکٹ کیا ہے اور یہ جوہر کے دھرما پروڈکشنز اور ویاکوم 18 اسٹوڈیوز کی مشترکہ پروڈکشن ہے۔ فلم رواں برس 24 جون کو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
Load Next Story