حکومت پرویز مشرف کے وکلا کو طالبان کی دھمکیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے الطاف حسین

ان دھمکیوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے ہر کسی کو سفاک طالبان کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھا ہے، الطاف حسین

پرویز مشرف کے وکلا کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور دھمکیوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا کو دھمکیاں دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے اس پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔



لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پرویز مشرف کے وکلا شریف الدین پیرزادہ، انور منصوراور احمد رضا قصوری کو طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئی ہیں کہ وہ خود کو پرویز مشرف کے کیس سے الگ کرلیں ورنہ انہیں سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے، ان دھمکیوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو سفاک طالبان کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔


الطاف حسین نے ارباب اقتدار اور اختیار سے مطالبہ کیا کہ پرویز مشرف کے وکلا کو طالبان کی جانب سے دھمکیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، پرویز مشرف کے وکلا کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور دھمکیوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے۔
Load Next Story