شہباز شریف نے اپنے کپڑے بیچنے کی بات کر کے عوام کے کپڑے بھی اتار دیے سراج الحق
جماعت اسلامی سودی نظام، کرپشن اور مہنگائی کے خلاف 11 جون کو مارچ کرے گی، سراج الحق
کراچی:
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے کپڑے بیچنے کی بات کر کے عوام کے کپڑے بھی اتار دیے، ملکی مسائل کا حل فرد واحد نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی اور غیر سودی نظام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے کہا عوام کو سہولت دینے کے لیے اپنے کپڑے بیچنے کا کہا لیکن انہوں نے عوام کے کپڑے بھی اتار دیے، قوم نے شیر، تیر اور بلے کا دوردیکھ لیا، اب ترازو کا وقت ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور نعرے مختلف مفادات ایک ہیں جبکہ جماعت اسلامی عوام کی واحد ترجمان ہے۔
'پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن میں 16 فیصد اضافہ ہوا'
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن میں 16 فیصد اضافہ ہوا، ملک میں ہونے والی کرپشن اورمہنگائی کی ذمہ دار ملک کی تینوں جماعتیں ہیں، حکومتوں کے لیے ہوئے قرضوں کا بوجھ عوام پر پڑتا ہے، اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ مسائل کا حل فرد نہیں نظام کی تبدیلی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک میں اسوقت ڈمی حکومت اور ڈمی اپوزیشن ہے، فیصلے قومی اسمبلی اور کیبنٹ میں نہیں ہو رہے تو ذمہ داری تین پارٹیوں پر آتی ہے، سندھ، پشاور، بلوچستان اور پنجاب میں کرپشن ہی کرپشن ہے جس کے ذمہ دار جنات نہیں بلکہ سیاسی رہنما اور وی آئی پی اشرافیہ ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم غیر سودی نظام معیشت چاہتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ بجٹ سود فری بجٹ ہو، بجٹ میں آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کاروڈ میپ ہونا چاہیے۔
جماعت اسلامی کا سودی نظام، کرپشن اور مہنگائی کے خلاف مارچ کا اعلان
انہوں نے اعلان کیا کہ کہ 11 جون کو جماعت اسلامی سودی نظام، کرپشن اور مہنگائی کیخلاف مارچ کرے گی، مہم کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے آئی ایم ایف کو راستہ دیا اور اسٹیٹ بینک کو عالمی مالیاتی فنڈز کے حوالے کیا، قوم اب ان سیاسی جماعتوں کے مختلف جھنڈوں اور نعروں پر نہ جائیں کیونکہ عوام کی مشکلات اور ملکی مسائل ان تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہیں۔