امریکا میں فائرنگ کے مزید دو واقعات میں 6 افراد ہلاک تعداد 9 ہوگئی

پولیس نہ تو کسی ملزم کا سراغ لگا پائی اور نہ ہی کوئی گرفتاری ہوئی ہے

فائرنگ میں 2 درجن افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: فائل

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں فائرنگ کے تین واقعات میں 9 افراد ہلاک اور 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہروں فلاڈیلفیا، چٹانوگا اور سگینؤ میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کا پہلا واقعہ ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک مصروف شاہراہ کے پُرہجوم مقام پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس میں 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔


اس کے چند گھنٹوں بعد ہی ریاست تینیسی کے شہر چٹانوگا میں ایک نائٹ کلب میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کا تیسرا واقعہ ریاست مشی گن کے شہر سگنیئو میں پیش آیا جہاں مسلح شخص کی فائرنگ میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس تینوں میں سے کسی ایک واقعے کے ملزم کا بھی سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں 15 مئی سے اب تک سفید فام نوجوان کی فائرنگ سے 10 سیاہ فام، اسکول پر 18 سالہ نوجوان کی فائرنگ میں 2 اساتذہ اور 19 طلبا جب کہ اسپتال میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
Load Next Story