عمران خان کی حکومت میں بنی گالا کرپشن کا ہیڈ کوارٹرتھا مریم نواز

اس ہیڈ کوارٹر کے فرنٹ مین عثمان بزدار اور فرنٹ پرسن فرح گوگی تھی، نائب صدر مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک June 06, 2022
—فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ حکومت میں بنی گالا کرپشن کا ہیڈ کوارٹر بنا ہوا تھا۔

پارٹی سیکریٹریٹ میں سوشل میڈیا کی ٹیم سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اس ہیڈ کوارٹر کے فرنٹ مین سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور فرنٹ پرسن فرح گوگی تھی، فرح گوگی نے تو صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے ملک کا حق کھا لیا، کل آڈیو چل رہی تھی جس میں خاتون اول کہہ رہی تھیں 3 نہیں 5 قیراط کا ہیرا چاہیے۔

مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ انقلاب جس کو گلی گلی محلے محلے سے نکلنا تھا وہ آج اپنی ضمانتیں کرارہا ہے، سپرپاور کو لکارنے والا راہداری ضمانت کے لیے پشاور میں چھپا بیٹھا ہے، ظلم کو سہنا ہو تو آپ کو نواز شریف جیسا جگر چاہیے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا جو شخص چار سال حکومت کرکے گیا ہے وہ کارکردگی بتانے کے لیے پرچی پڑھ رہا تھا، اس شخص کو تو پرچی بھی پڑھنی نہیں آرہی تھی جس نے کوئی کام نہیں کیا وہ کیا پڑھ پائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آتی ہے اسے تباہ شدہ پاکستان ملتا ہے اور خوش قسمتی یہ ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر کامیابی کی جانب گامزن کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کسی جماعت کے حصے میں آئی ہے وہ مسلم لیگ (ن) ہے، اس لیے آج کے بعد ہمارا نعرہ ہے کہ 'کیا ہے اور کر کے دکھائیں گے'۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا ن لیگ کو اب اپنی سیاست کی فکر نہیں ہے، اب اس ریاست کی فکر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے آئیں ہیں، عمران خان کے دور حکومت میں وہ بجلی پتا نہیں کہاں گئی جو نواز شریف نے بنائی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں