پاکستانی ہائی کمیشن نے 163 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کر دیے
بھارتی سکھ یاتری کل 8 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے
QUETTA:
پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی نے سکھوں کے پانچویں گوروارجن دیوجی کے شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 163 بھارتی شہریوں کو ویزے جاری کر دیے ہیں، بھارتی سکھ یاتری کل 8 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں کو 1974 کے پاک بھارت مذہبی یاترا کے معاہدے کے تحت بھارتی سکھ یاتریوں کو 8 سے 17 جون تک کے لیے ویزے جاری کیے گئے۔
حکام کے مطابق ہر سال، بھارت سے سکھ یاتریوں کی ایک بڑی تعداد مختلف مذہبی تہواروں میں شرکت کے لیے پاکستان آتی ہے۔ نئی دہلی سے جاری کیے گئے ویزے دیگر ممالک سے ان تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کو دیے گئے ویزوں کے علاوہ ہیں۔
ہائی کمیشن کی جانب سے مذہبی زائرین کو زیارت کے ویزوں کا اجرا حکومت پاکستان کے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی مقامات کے دوروں پر دوطرفہ پروٹوکول پر مکمل عمل درآمد کے عزم کے مطابق ہے۔
اس حوالے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور آفتاب حسن خان نے بھارتی یاتریوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مقدس مذہبی مقامات کے تحفظ اور زائرین کو ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر بہت فخر ہے۔
پاکستان کے دورے کے دوران بھارتی یاتری 16 جون کو گورودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں ہونے والی شہیدی دن کی مرکزی تقریب میں شرکت کے علاوہ گورودوارہ پنجہ صاحب، گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب سمیت دیگر مذہبی مقامات کی یاترا بھی کریں گے۔