امریکا پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے برآمدات بڑھانے کے زیادہ امکانات پیدا کرنا ہونگے اسحٰق ڈار

ہمیں ٹیکسٹائل برآمدات کے فروغ پر توجہ دیناچاہئے: خطاب، پی ٹی اے کوتھری، فور جی لائسنس کی شفاف نیلامی کی ہدایت

روس سے دیرینہ تجارتی مسائل خوش اسلوبی سے طے کرلینگے،ریلوے اورفولادسازی میں سرمایہ کاری کے اشارے ملے ہیں،وزیرخزانہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے، ملکی برآمدات میں اضافے کیلیے زیادہ امکانات پیدا کرنا ہوں گے،وہ پاک امریکا اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں سیکریٹری تجارت قاسم نیاز نے وزیرخزانہ کو پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات میں دو طرفہ تجارتی تعلقات کی وسعت بارے پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ انھوں نے کہا کہ پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات کی بحالی دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے بہترین موقع ہے جبکہ وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر اگلے مذاکراتی دور کیلیے تجاویز تیار کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ امریکا پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کا سب سے بڑا در آمد کنندہ ہے جبکہ ہمیں ٹیکسٹائل اور اس سے متعلقہ بر آمدات کے فروغ پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر بھی اعلیٰ سطح کے اجلاس میں موجود تھے۔خصوصی رپورٹرکے مطابق افغانستان کے وزیر خزانہ ڈاکٹر عمر ذخلوال سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ داسو ہائیڈل پاور پروجیکٹ دریائے کابل کی بجائے دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس لیے اس منصوبے پر افغانستان کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔


افغان وزیر نے کہاکہ ان کا ملک کاسا 1000منصوبہ کی جلد تکمیل کا خواہاں ہے اورمنصوبہ کی کامیابی کیلیے اپنا تعاون پیش کرے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے افغان ہم منصب کو بتایا کہ منصوبہ دریائے کابل کی بجائے دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس لیے اس منصوبہ پر افغانستان کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے ڈاکٹر عمر ذخلوال نے کہاکہ وہ اس معاملہ کا جائزہ لیں گے۔تھری جی اورفور جی لائسنس کی نیلامی بارے ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ تھری جی اور فور جی سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے،امید ہے کہ پی ٹی اے نیلامی کے عمل میں مقابلے کی فضا قائم رکھے گی۔ اجلاس میں سیکریٹری آئی جی اخلاق احمد تارڑ نے سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی بارے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

انھوں نے ایڈوائزری کمیٹی کو آگاہ کیا کہ تمام مراحل دی گئی مدت میں طے کئے جا رہے ہیں جبکہ ترکی کی ٹیلیفون کمپنی (ترک سیل) کا وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کریگا۔،آن لائن کے مطابق پاکستان اور روس کے تجارتی مسائل کے خاتمہ کیلیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ روس کیساتھ دیرینہ تجارتی مسائل خوش اسلوبی کے ساتھ طے کرلیے جائیںگے روس کی جانب سے ریلوے اور فولاد سازی میں سرمایہ کاری کے مثبت اشارے ملے ہیں۔وزیر خزانہ نے پاکستان اور روس کی تجارت کومتاثر کرنے والے مسائل کے خاتمہ کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی قیادت ان مسائل کے خاتمہ سے روس کے ساتھ باہمی تجارت کو بڑھانا چاہتی ہے۔ہمیں پرانے مالیاتی مسائل کے جلد خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے تا کہ روسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کر سکیں۔
Load Next Story