آئندہ مالی سال کیلیے بجٹ خسارہ 4282 ارب روپے تک محدود ہوگا بجٹ دستاویز

فیڈرل بورڈ آف ریونیو 7255ارب کا ٹیکس جمع کرے گا جب کہ نان ٹیکس کی مد میں 1626 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔

وفاق کے اخراجات کا تخمینہ 8894 روپے لگایا گیا ہے (فوٹو فائل)

RAWALPINDI:
آئندہ مالی سال کے بجٹ کی دستاویز کے مطابق وفاق کے اخراجات کا تخمینہ 8894 روپے ہوگا جب کہ بجٹ خسارہ 4282 ارب روپے تک محدود رکھنے کا تخمینہ ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) 7255ارب کا ٹیکس جمع کرے گا جب کہ نان ٹیکس کی مد میں 1626 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔ وفاق سے صوبوں کو 4215 ارب روپے منتقل ہوں گے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق دفاعی بجٹ کے لیے 1586 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جب کہ آئندہ مالی سال 1232 ارب روپے کی گرانٹس دی جائیں گے۔ قرض اور سود کی ادائیگیوں پر 3523 ارب روپے، حکومتی امور چلانے کےلیے 550 ارب روپے، پنشن کی مد میں 530 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ ہے۔

آیندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 800 ارب روپے ہوگا، سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ این ایچ اے کو 121 ارب روپے ملے گا۔سبسڈیز کی مد میں 578 ارب روپے مختص کرنے جب کہ بجٹ کا خسارہ معیشت کا 5.5 فیصد تک محدود رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ آیندہ مالی سال معیشت کا حجم 78197 ارب روپے ہوگا۔


دستاویز کے مطابق آبی وسائل کے لیے 96 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 96 ارب 36 کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ وفاقی وزارتوں اور محکموں کا بجٹ 538 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔

ترقیاتی کاموں کےلیے کابینہ ڈویژن کو60 ارب کا بجٹ ملے گا۔ توانائی کے شعبے میں پیپکو کے لیے 49 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ، ریلوے کے لیے 33 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ جب کہ خیبر پختون خوا میں ضم قبائلی علاقوں کے لیے 50 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

آئندہ مالی سال کی بجٹ دستاویز کے مطابق اٹامک انرجی کمیشن کے لیے 25 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے جب کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 41 ارب 87 کروڑ کا ترقیاتی بجٹ ملے گا۔ اس کے علاوہ ایوی ایشن کے لیے ڈھائی ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص اور ماحولیاتی تبدیلی کی وزارت کے لیے 9.5 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق تعلیمی منصوبوں کے لیے 6 ارب روپے، ہاؤسنگ کے لیے 11 ارب 60 کروڑ روپے، وزارت داخلہ کے لیے 10 ارب 47 کروڑ روپے، وزارت صحت کے لیے 12 ارب روپے، وزارت غذائی تحفظ کے لیے 12 ارب روپے، میری ٹائم افیئرز کے لیے 3.1 ارب روپے اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 96 ارب 36 کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
Load Next Story