کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر شہریوں کا احتجاج

حکمران سیاسی مخالفین کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں شہریوں کی مشکلات سے کسی کو کوئی سروکار نہیں، مظاہرین


ویب ڈیسک June 08, 2022
[فائل-فوٹو]

بجلی کی بے رحمانہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق آرام باغ ، تین ہٹی اور لیاری میں بجلی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دی جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث کے الیکٹرک کی جانب سے شہر بھر کئی کئی گھنٹوں کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عاجز شہریوں کا احتجاج جاری ہے جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان چوک پر علاقہ مکینوں نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف رہنمائی کی۔

مارٹن روڈ تین ہٹی سے پی آئی بی جاتے ہوئے لال مسجد کے سامنے بھی علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کیا جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کو متبادل راستے فراہم کیئے۔

مظاہرین میں سے ایک کا کہنا تھا کہ حکمران سیاسی مخالفین کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں انھیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ شہری کن حالات میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے ہیں۔

ٹریفک میں پھنسے شہریوں کا کہنا تھا کہ احتجاج کی وجہ سے مہنگا ترین پیٹرول بلاوجہ ضائع ہورہا ہے جس کی مد میں اضافی مالی بوجھ سر پر آن پڑتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں