طالبان حکومت نے افغان پولیس کا نیا یونیفارم متعارف کرادیا

توقع کے برعکس یونیفارم شرٹ اور یونیفارم پر مشتمل ہے


ویب ڈیسک June 08, 2022
شفافیت کے باعث لاگت میں 70 فیصد کمی آئی، فوٹو: ٹوئٹر

افغانستان میں طالبان حکومت نے افغان پولیس کا نیا یونیفارم متعارف کرادیا جو توقعات کے برخلاف پینٹ اور شرٹ پر مشتمل ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارتِ داخلہ نے ایک پریس کانفرنس میں افغان پولیس کے نئے یونیفارم کی رونمائی کی۔ جو شفاف نظام کی بدولت اشرف غنی کے دور کے یونیفارم کے مقابلے میں 70 فیصد کم لاگت پر تیار ہوا ہے۔

طالبان حکومت کے وزارت اطلاعات کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت دارالحکومت کابل اور قندہار میں 20 ہزار یونیفارم تقسیم کیے جائیں گے جب کہ ایک لاکھ مزید یونیفارم کی تیاری بھی جاری ہے۔

وزرات اطلاعات کے ترجمان نے مزید بتایا کہ افغان پولیس کے یونیفارم کی تیاری کا ٹھیکہ مقامی کمپنی کو دیا گیا ہے اور ٹھیکے میں شفافیت کو برقرار رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے لاگت میں 75 فیصد کمی آئی۔

طالبان کے افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے فروغ نیکی اور انسداد برائی کے محکمے کی پولیس کافی متحرک ہے جب کہ سابق افغان پولیس کے اہلکار روپوش ہوگئے تھے جو آہستہ آہستہ واپس آرہے ہیں۔

توقع کی جارہی تھی کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر پولیس کی طرح افغان پولیس کا لباس بھی شلوار قمیص پر مشتمل ہوگا تاہم پولیس فورس کو گہری رنگ کی شرٹ اور پینٹ پر مشتمل یونیفارم فراہم کیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں