وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری قیمتوں پر اشیا کی فروخت یقینی بنانے کیلیے نئی سروس کا افتتاح کردیا
مہنگائی کے ذمہ داروں کی چیخیں نکلیں پرواہ نہیں مگر عام آدمی کے ریلیف کیلیے آخری حد تک جاوں گا، حمزہ شہباز
لاہور:
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اضلاع کی سطح پر اشیائے ضروریہ کی سرکاری قیمت میں فروخت کو یقینی بنانے کے لیے پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حمزہ شہباز کی جانب سے پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح ہوتے ہی صوبے میں اشیا کی سرکاری قیمتوں میں فروخت کی نگرانی کا عمل شروع ہوگیا۔ ڈیش بورڈ پر پرائس مانیٹرنگ کے لیے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرزاور اسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ سرکاری ضلعی عہدیداران بھی شامل ہے۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ روزانہ خود بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے پرائس کنٹرول کے لئے اضلاع کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔
علاوہ ازیں حمزہ شہباز کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں پرائس کنٹرول میکنزم کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے انتظامی افسران کو پرائس کنٹرول اور عوام کو ہر صورت ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ سیکرٹریز نے رپورٹ پیش کی۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی پرائس کنٹرول سے منسلک ہوں گی، اچھی کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈیش بورڈ پر صبح 10بجے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے، قیمتوں کے حوالے سے عوامی شکایات درج کرانے کیلئے ٹول فری نمبر لانچ کرنے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ آئندہ 3 روز میں ٹول فری نمبر لانچ کرنے کے حوالے سے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے صوبائی وزراء، پولیٹیکل اسسٹنٹس اور سیاسی رفقاء کو فیلڈ وزٹ کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی وزراء اور معاونین کو فیلڈ وزٹ کے لئے اضلاع تفویض کئے جائیں، پرائس کنٹرول کے لئے یونین کونسل کی سطح پر فیلڈ وزٹ کئے جائیں، نچلی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے آپ سب کمر کس لیں۔
انہوں نے کہا کہ کمروں میں بیٹھ کر زمینی حقائق کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، عام آدمی مشکل میں ہے، ہم نے مل کر عام شہری کو ریلیف دینا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کے لئے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والی ملوں کے لئے سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھائیں گے، صوبہ بھر میں سستے آٹے کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی جس کے لئے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخلوق خدا کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے، ٹماٹر اور پیاز کی آنے والے دنوں میں قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی پلان تیار کیا جائے اوراس ضمن میں ایڈوانس لائحہ عمل مرتب کیا جائے، مہنگائی کے ذمہ داروں کی چیخیں نکلیں مجھے پرواہ نہیں مگر عام آدمی کی زندگی میں آسانی لانے کیلئے آخری حد تک جاوں گا۔