تھائی لینڈ میں گھروں میں بھنگ اگانے کی اجازت

حکومت شہریوں میں بھنگ کی 10 لاکھ پنیریاں بھی تقسیم کرے گی

تھائی لینڈ نے 2008 میں طبی مقاصد کیلیے بھنگ کی کاشت کی اجازت دیدی تھی، فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
تھائی لینڈ کی حکومت نے گھروں میں بھنگ اگانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے قوانین میں جلد ہی نرمی کردی جائے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ حکومت نے عوام کو گھر میں بھنگ کا پودا اگانے کی اجازت دینے کے لیے قانون میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت بھنگ کو منشیات کی فہرست سے نکال دیا جائے گا اور حکومت بھنگ کی کاشت کے لیے 10 لاکھ پنیریاں بھی تقسیم کرے گی۔

ابتدائی طور پر بھنگ اگانے کی اجازت علاج معالجے کے لیے دی جائے گی اور صرف کم نشہ آور بھنگ کی کاشت کی جا سکے گی تاہم تفریحی مقاصد کے لیے عوامی مقامات پر بھنگ پینے پر پابندی برقرار رہے گی اور عوامی مقامات پر بھنگ پی کر دھواں پھیلانے پر جرمانہ بھی ہو گا۔


حکومت کے اس نئے قانون سے دوائیں بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ نجی فارمز اور باغیچوں کو روایتی دوا سازی کے لیے استعمال کرنے والے شہری ہی فائدہ اُٹھا سکیں گے۔ کاشتکاروں اور تاجروں کو خصوصی اجازت نامہ لینا ہوگا۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں سیاحت اور زراعت کے فروغ کے لیے بھنگ کی کاشت کے قوانین میں کئی برسوں سے بتدریج نرمی کی جارہی ہے اور 2018 میں بھنگ کو طبی مقاصد کے لیے استعمال کو قانونی قرار دیا گیا تھا۔

 
Load Next Story