حکومت جو فیصلہ کریگی فوج اس کو قبول کریگی شاہد لطیف

بہت سے لوگ مذاکرات کے حق میں نہیں، ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں، مفتی کفایت اﷲ


Monitoring Desk March 06, 2014
حکومت جتنی بھی مضبوط ہو کسی سمت میں اکیلی نہیںجاسکتی،ابصارعالم،ٹودی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

ABBOTABAD: ایئرمارشل (ر) شاہد لطیف نے کہا ہے کہ سیزفائر مذاکرات کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ پاک فورسز کے ایئرسٹرائیکس کی وجہ سے ہوئی ہے، فوج حکومت کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت جو فیصلہ کریگی فوج اس کو قبول کریگی۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پاک فوج کے پاس اب جدید ترین سہولتیں اور ٹیکنالوجی ہے۔ اتنے دنوں سے کارروائیاں ہورہی ہیں لیکن اب تک کوئی ایسی خبر نہیں آئی جس میں کسی سویلین کی ہلاکت کی بات ہو۔ ایئر اسٹرائیکس کے سوفی صد نتائج نکل رہے ہیں لیکن طالبان کے لیے مسائل بڑھ چکے ہیں ان کے ایس ایم ایس تک پکڑے جارہے ہیں24 گھنٹے علاقے کی نگرانی ہورہی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفائت اللہ نے کہا کہ ہمیں الفاظ کی جنگ نہیں کرنی چاہیے ہمیں کسی قسم کی بدگمانی ظاہر نہیں کرنی چاہیے اگر طالبان نے جنگ بندی کہا ہے اگر انھوں نے کسی واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے تو ہم کو مان لینا چاہیے ہم بہت ہی نازک دور سے گذر رہے ہیں اس وقت ہمارے ملک میں بہت سی ایجنسیاں سرگرم ہیں بہت سے لوگ ہیں جو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حق میں نہیں اور ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں ۔ تجزیہ کار ابصارعالم نے کہا کہ حالات اتنے اچھے نہیںہیں جتنے اچھے بناکر پیش کیے جارہے ہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ ایئرسٹرائیکس سے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ریاست کو فیصلہ کرنا ہے کہ انھوں نے کیاکرنا ہے اوریہ فیصلہ تبھی ہوگا جب سب متحد اور متفق ہوجائیںگے۔ یہ حکومت چاہے جتنی بھی مضبوط ہو کسی بھی سمت میں اکیلی نہیںجاسکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں