نجکاری سے لاکھوں خاندانوں کا معاشی قتل ہوگا منور حسن

غربت سے تنگ مائیں اپنے بچے قتل کر رہی ہیں،یوتھ فیسٹول کی عیاشی پر کروڑوں ضائع کر دیے


Numainda Express March 06, 2014
حکومت معاشی انقلاب کی فرضی رپورٹیں بنا کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ اداروں کی نجکاری سے لاکھوں خاندانوں کا معاشی قتل ہو گا، حکومت معاشی انقلاب کی فرضی رپورٹیں بنا کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی، ملک میں غربت کے ہاتھوں تنگ مائیں اپنے ہاتھوں سے بچوں کو قتل کر رہی ہیں اور حکمراں یوتھ فیسٹول کی عیاشی پر کروڑوں روپے ضائع کر رہے ہیں۔

مکہ مکرمہ سے پارٹی رہنما انور نیازی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ضروریات زندگی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عوام سخت تنگ ہیں، فروری کے بجلی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام سے عوام کی جیب پر کروڑوں روپے کا ڈاکا مارا گیا ہے، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں ملکی اقتصادی صورتحال کو الارمنگ قرار دیا گیاہے، اقوام متحدہ رپورٹ کے مطابق پاکستان غربت میں ایشیاء میں پہلے نمبر پر آ گیا۔

حکمراں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے بجائے قومی اداروں کی بندر بانٹ کر کے مزدوروں سے روزگار چھیننے پر تلے ہوئے ہیں، سابقہ ادوار میں نجکاری سے حاصل ہونے والی آمدن کہاں گئی کسی کو پتہ نہیں، 2011 تک 167قومی ادارے فروخت ہوئے جن کے اثاثوں پر قبضہ کر کے مزدوروں کو فارغ کر دیا گیا، حکومت آئی ایم ایف سے مزید قرضہ لینے کیلیے قومی ادارے بیچنا چاہتی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ سطح کا کمیشن بنا کر پہلے کی گئی نجکاری کا جائزہ لیا جائے، حکومت نجکاری کی آڑ میں رشتے داروں کو نوازنا چاہتی ہے، کرپشن کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا، حکومت اپنے وعدے پورے نہیں کر سکی، حکمراںعوام کو ریلیف دینے کے بجائے کھال اتارنے پر کمر بستہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں