وزیراعظم سے حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات

حکومت نے مذاکرات میں فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع


ویب ڈیسک March 06, 2014
ملاقات میں حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کے علاوہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی موجود ہیں فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف سے مذاکرات کے لئے قائم حکومت اور طالبان کمیٹیوں کی ملاقات میں مذاکراتی عمل کو مزید موثر بنانے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے حکومتی اور طالبان کی کمیٹیوں کے اراکین کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں کمیٹیوں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھانے میں مدد ملی ہے، کوشش ہو گی کہ فوجی آپریشن کی نوبت نہ آئے اور معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ مذاکرات میں فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔

وزیراعظم سےملاقات میں حکومتی کمیٹی کی نمائندگی عرفان صدیقی، میجر ریٹائرڈ عامر، رحیم اللہ یوسف زئی اور رستم شاہ مہمند کر رہے ہیں جب کہ طالبان کمیٹی کی نمائندگی مولانا سمیع الحق، پروفیسر ابراہیم اور مولانا یوسف شاہ کر رہے ہیں، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان بھی ملاقات میں فوکل پرسن کی حیثیت سے موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ مولانا سمیع الحق نے ملاقات میں فوج اور آئی ایس آئی کے حکام کو بھی شامل کرنے کی درخواست کی تھی تاہم آج ہونے والی ملاقات میں کوئی فوجی یا آئی ایس آئی کا اہلکار شامل نہیں تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں