نیب شہزاد اکبر کے خلاف انکوائری شروع کرے وزیر مملکت قانون

نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران 556 ارب روپے کی رقم برآمد کی، وزارت قانون


ویب ڈیسک June 09, 2022
نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران 556 ارب روپے کی رقم برآمد کی، وزارت قانون

لاہور: وزیر مملکت قانون و انصاف شہادت اعوان نے کہا ہے کہ نیب کو کہوں گا کہ شہزاد اکبر کے حوالے سے انکوائری شروع کریں۔

چئیرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وقفہ سوالات میں وزارت قانون نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران 556 ارب روپے کی رقم برآمد کی، 2019 میں 141 ارب ، 2020 میں 323 ارب اور 2021 میں 91 ارب روپے کی وصولیاں کی۔

وزیر مملکت قانون و انصاف شہادت اعوان نے کہا کہ نیب نے جن افراد سے وصولیاں کیں، اس فہرست میں کوئی بھی سیاستدان شامل نہیں جس نے پلی بارگین کی ہو، بلکہ زیادہ تر رئیل اسٹیٹ کے افراد شامل ہیں۔

شہادت اعوان نے کہا کہ جو آدمی چئیرمین نیب آئے گا وہ غیر جانبدار ہوگا، نیب کے 300 ملازمین کے خلاف مس کنڈکٹ اور دیگر محکمانہ انکوائریز ہوئی ہیں، کچھ ملازمین کے خلاف کرمنل کیسز چل رہے ہیں ، کچھ کو سزا ہوئی ہے، ملازمین نے خود پلی بارگین کی، بعض کی اپیلیں چل رہی ہیں۔

جام مہتاب نے کہا کہ شہزاد اکبر کے حوالے سے خبر آئی ہے کہ انھوں نے ہنڈی کے زریعے رقم باہر بھیجی ہے، جس پر شہادت اعوان نے کہا کہ نیب کو کہوں گا کہ شہزاد اکبر کے حوالے سے انکوائری شروع کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس حوالے سے معلومات منگوا کر ایوان کو دیں۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہمارےاثاثوں کی ڈکلیریشن ہر سال ہوتی ہے، تو نیب افسران کے اثاثوں کی ڈکلیریشن کیوں نہیں پبلک ہوسکتی۔

سینیٹر اعظم سواتی نے پوچھا کہ گزشتہ آٹھ سال میں جتنے نیب افسران کیخلاف کسی غفلت یا کرپشن پر انکوائری اور سزا ہوئی ہے اس کی تفصیلات بتائی جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں