کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ 4 بچیوں کا باپ پولیس اہلکار جاں بحق
مقتول کے یہاں 3 ہفتے قبل جڑواں بیٹیوں کی پیدائش ہوئی تھی
ISLAMABAD:
شہر قائد کے منگھو پیر خیرآباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ پاکستان بازار تھانے کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیل 30 سالہ عبد اللہ خان جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
مقتول اہلکار عبداللہ خان بکل نمبر 31471 سیکیورٹی زون ون میں تعینات تھا، مقتول کے ایک قریبی رشتے دار ثنا اللہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ عبد اللہ خان اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 خیرآباد آمنہ مسجد کے قریب گلی نمبر 2 کا رہائشی اور 4 بیٹیوں کا باپ تھا جبکہ 3 ہفتے قبل مقتول کے ہاں دو جڑواں بیٹیوں کی ولادت ہوئی تھی جس پر وہ بہت خوش تھا۔
واقعے کے وقت مقتول اہلکار اپنے بہن کے گھر کے قریب اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ بیٹھا تھا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو ڈاکو آئے اور موبائل فون اور نقدی لوٹنے کی کوشش کی جس پر کانسٹیبل عبد اللہ خان نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل سمیت 3 افراد زخمی ہوئے، تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، عبد اللہ خان کی گردن میں گولی لگی تھی جس کے باعث اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
مقتول کے رشتے داروں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران آئے تھے اور انہوں نے آغا خان اسپتال لے جانے کے لیے ڈاکٹروں سے مشورہ کیا جس پر آغا خان اور جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ عبداللہ خان کی حالت ایسی نہیں ہے کہ انہیں جناح اسپتال سے کسی دوسرے اسپتال منتقل کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ 9 دن تک ڈاکٹر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں پولیس اہلکار کی جانے بچانے کی کوشش کرتے رہے لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور بدھ کی دوپہر کو خالق حقیقی سے جا ملا۔