عمراکمل کے والد نے بیٹے کی جگہ ٹریفک وارڈن سے غیر مشروط معافی مانگ لی

ذیشان بھی انکے بیٹے جیسا ہی ہے اگر عمر اکمل سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو وہ اس کی جگہ معافی مانگتے ہیں، والد عمر اکمل

معافی نامہ پیش کرنے کے بعد عمر اکمل کیخلاف درج کیس ختم اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی کا عمل بھی روک دیا جائے گا، پولیس۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کے والد نے اپنے بیٹے کی جگہ ٹریفک وارڈن سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عمر اکمل کے والد ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار کے دفتر میں پیش ہوئے اور اپنے بیٹے کی جگہ ٹریفک وارڈن ذیشان سے غیر مشروط معافی نامہ پیش کیا، عمر اکمل کے والد کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈن ذیشان بھی ان کے بیٹے جیسا ہی ہے اگر عمر اکمل سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو وہ اس کی جگہ معافی مانگتے ہیں۔


دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے والد کی جانب پیش کیا گیا معافی نامہ ٹریفک وارڈن کو وصول ہو گیا ہے اور ذیشان نے وہ معافی نامہ قبول بھی کر لیا ہے جس کے بعد امید ہے کہ عمر اکمل کے خلاف درج کیس بھی ختم کیا جا سکتا ہے اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی کا عمل بھی روک دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عدالت ٹریفک وارڈن سے جھگڑے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
Load Next Story