نئی دلی کی عدالت نے فلم ’’گلاب گینگ‘‘ کی ریلیز پر لگائی گئی پابندی اٹھالی

مادھوری ڈکشت اور جوہی چاؤلہ کی ایکشن سے بھرپور فلم 'گلاب گینگ' کل ریلیز کی جائے گی۔

’’گلابی گینگ‘‘ کی سربراہ سمپت پال نے فلم کو ریلیز کی اجازت نہ دینے کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ فوٹو: فائل

بھارتی عدالت نے مادھوری ڈکشت اور جوہی چاؤلہ کی فلم ''گلاب گینگ'' کی ریلیز پر لگائی گئی پابندی اٹھالی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی کی اعلیٰ عدالت کے سنگل رکنی بینچ نے اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم 'گلابی گینگ' کی رہنما سمپت پال کی درخواست پر مادھوری ڈکشت اور جوہی چاؤلہ کی فلم کی ریلیز پر پابندی لگائی تھی، پابندی لگائے جانے پر فلم پروڈیوسر کی جانب سے اسی عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت کے 2 رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے سنگل رکنی بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور فلم کی ریلیز سے پابندی اٹھائے جانے کے احکامات جاری کئے۔


سمپت پال کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا فلم کے حوالے سے نہ ہی ان سے اجازت لی گئی بلکہ فلم میں ان کے کردار کو بھی غلط انداز سے پیش کیا گیا جس سے ان کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ پابندی اٹھائے جانے کے بعد مادھوری ڈکشت اور جوہی چاؤلہ کی ایکشن سے بھرپور فلم 'گلاب گینگ' کل ریلیز کی جائے گی۔
Load Next Story