جب حکومت ترقی کرتی ہے تو آپ اسے تبدیل کر دیتے ہیں فواد چوہدری

60 دنوں میں انہوں نے پاکستان کا معاشی اور سیاسی نقصان کیا، پی ٹی آئی رہنما


ویب ڈیسک June 10, 2022
روس کے ساتھ تمام معاملات طے ہوگئے تھے، فواد چوہدری۔ فوٹوفائل

ISLAMABAD: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہر شعبہ ترقی کر رہا تھا تو آخر عمران خان کو کیوں نکالا؟ جب حکومت ترقی کرتی ہے تو آپ اسے تبدیل کر دیتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ روپے کی قدر 55 روپے گری ہے اور اگلے مہینے بل آئیں گے تو احساس ہوگا کتنا اضافہ ہوا ہے، غریب عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے، 60 دنوں میں انہوں نے پاکستان کا معاشی اور سیاسی نقصان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بہت گرمی ہے اور لوڈشیڈنگ جاری ہے، بجلی اس لیے نہیں کہ ایندھن کے لیے پیسے نہیں۔ روس کے ساتھ تمام معاملات طے ہوگئے تھے لیکن مفتاح اسماعیل نے اپنے مفتے کے چکر میں 50 دن ضائع کر دیے، اب کہتے ہیں آپ چاکلیٹ اور چیز باہر سے نہ منگوائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان سے اختلاف بھی ہوسکتی ہے مگر وہ کبھی عزت پر کمپرومائز نہیں کرتے، اس وقت پاکستان کی خارجہ پالیسی تباہ ہوگئی، پہلے انہوں نے سعودی عرب پھر متحدہ عرب امارات اور بعد میں ترکی سے پیسے مانگے، ہم ہر ملک سے اچھے تعلق چاہتے تھے۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا پیسہ ویسٹ میں پڑا ہوا ہے، زرداری اور شریف فیملی ایسا رویہ اپناتے ہیں جیسے یہ جوبائیڈن کے ذاتی ملازم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی رہنماوں کی وارنٹ گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے احتجاج کرنے والوں پر دہشتگردی کے دفعات نہیں لگا سکتے اس لیے یہ سپریم کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یاسمین راشد سمیت 17 رہنماوں پر دہشتگردی کے مقدمات درج کروائے ہیں، اس حکومت نے سیاسی مخالفین پر توہین مذہب کے مقدمے بنائے اور میری نظر میں یہ تمام کیسز ساتھ ساتھ چلانے چاہیے، آدھی رات کو عورتوں کیساتھ بدتمیزی کی گئی، آپ جو آدھی رات کو لوگوں کے بیڈ رومز میں گھسے ہمیں اس کی رپورٹ چاہیے، پتہ نہیں ان کو ریڈ زون کیوں اتنا مقدس لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی سیاسی مخالفین پر کشمیر میں دہشتگردی کے پرچے کاٹ رہا ہے اور یہاں شریف فیملی سیاسی مخالفین پر دہشتگردی کے پرچے کاٹ رہا ہے، مودی اور شریف فیملی سیاسی پارٹنرز ہیں۔

فواد چوہدری نے کہاک ہ میں جہلم سے ہوں وہاں ہر گھر میں شہید ہے، مریم نواز نے سابق فوجیوں کے خلاف ایسی باتیں کی جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ مریم صفدر کے پاس ایک تحفہ کیپٹن صفدر ہے جس کے پاس کچھ نہیں، کیپٹن صفدر کے پاس کچھ ہے نہیں وہ کیا واپس کرسکتے ہیں، جاوید عباسی اور کیپٹن صفدر کے بڑے بھائیوں نے ایوان میں بدتمیزی کی اور اس کے بعد ابھی تک یہ دونوں غائب ہوگئے۔

سابق وزیر اطلاعات نے عامر لیاقت حسین کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کبھی انسان کو اوپر لے جاتی ہے اور کبھی نیچے، اللہ ان کو جنت نصیب کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں