مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق متعدد جھوٹ بولے اسد عمر

بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے، رہنما پی ٹی آئی


ویب ڈیسک June 10, 2022
—فائل فوٹو

PESHAWAR: تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق متعدد جھوٹ بولے ہیں اور امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بجٹ کی شکل میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، مفتاح اسماعیل نے چند ماہ پہلے قوم کو کہا تھا کہ پٹرول کی قیمت 137 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور اب 210 روپے پر لے گئے ہیں۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ اسی طرح مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا تھا کہ 12 روپے یونٹ سے زیادہ بجلی نہیں ہونی چاہیے اور اب اس میں بھی 7 سے 8 روپے اضافہ کر دیا ہے، بجٹ پڑھنے سے قبل حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ایک سال کی نسبت بنیادی اشیا پر مہنگائی میں 24 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے، ایک طرف تو مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف معیشت تیزی سے تباہ ہورہی ہے، سیمنٹ کی سیل میں 16 فیصد کمی آ چکی ہے سیمنٹ کی سیل متاثر ہونے سے تعمیرات رک جائیں گی اور اس سے منسلک افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں 24 روپے کمی واقع ہوئی ہے، اس وقت ملک میں معیشت کے حوالے سے صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے خدانخواستہ سری لنکا جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، قوم کواس امپورٹ حکومت سے نجات دلانے کا وقت آن پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سازش اور حرام کے پیسے کے ذریعے لائی گئی حکومت جب تک ختم نہیں ہوتی اور عوامی مینڈیٹ کے ذریعے نمائندے نہیں آتے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہو سکتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں