کھاناہے نہ پانی کسی نے حال تک نہیں پوچھا متاثرین سیلاب

سیلابی ریلے سے بچنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی ہوتی تو اتنا نقصان نہ ہوتا۔


Monitoring Desk September 13, 2012
سیلابی ریلے سے بچنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی ہوتی تو اتنا نقصان نہ ہوتا، فوٹو: فائل

سیلاب میں گھرے ڈی جی خان کے عوام نے کہا ہے کہ چار روزسے سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں۔

کسی نے حال تک نہیں پوچھا، لوگوں کے پاس کھانا ہے نہ پانی، بچے بھوکے رورہے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام لائیوود طلعت میں اینکرپرسن طلعت حسین سے گفتگو میں سیلاب متاثرین نے بتایا کہ اگر سیلابی ریلے سے بچنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی ہوتی تو شائد اتنا نقصان نہ ہوتا۔ طلعت حسین نے سیلاب اور بدانتظامی کے باعث ہونیوالے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ لوگ پانی میں گھرے ہونے کے باوجود پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں، چوتھے روز تک پانی کا کوئی انتظام نہیں تھا جس وقت دوست محمد کھوسہ سیلاب میں گھرے لوگوں کیلیے ریلیف کیمپ میں کھانا تقسیم کرنے کیلیے آئے تولوگوں نے ان کاگھیرائوکرلیاان کیخلاف شدید نعرہ بازی کی اور آخرکار مجبور ہوکر ان کے ساتھی ان کووہاں سے لے گئے۔

دوست محمدکھوسہ کی گاڑی پرپتھرائوکیا گیا اورجوتا بھی پھینکاگیا۔ سیلاب متاثرین نے کہا کہ پانی کوہ سلیمان سے آنیوالے ریلے کی وجہ سے آیا ہے، بند کمزور تھا جسکی کافی عرصے سے مرمت بھی نہیں کی گئی تھی وہ پانی کے زور کے سامنے ٹھہر نہیں سکا اور سارے علاقے میں 10,10 فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔ تونسہ شریف کی بستی گھر گھری میں تین سو گھر ہیں جن میں سے ایک بھی نہیں بچا، کاشت کی جانیوالی کپاس بھی تباہ ہوگئی ہے ۔

متاثرین کے مطابق علاقے میں بجلی نہیں ہے جسکی وجہ سے موٹر نہیں چلے گی اور پانی بھی نہیں نکلے گا۔ گھر گھری بستی میں اگلے ہفتے ایک بچی کی شادی طے تھی مگر سیلاب کی وجہ سے اس کا سارا جہیز اور زیورات پانی میں بہہ گئے۔ سیلاب سے متاثرہ ایک طالبعلم نے کہا کہ اگر یہ بند کمزور نہ ہوتا اور اس کی مناسب انداز میں مرمت کی گئی ہوتی تو پانی نہ آتا اور نہ اتنا نقصان ہوتا۔ ریلیف کیمپ میں کھانا دیر سے تقسیم کرنے پر عوام نے سخت غصے کا اظہار کیا اس موقع پر واپڈا کے ایک اہلکار نے لوگوں کو تسلی دی اور کہاکہ یہ وقت بہت مشکل ہے آپ سب کو تحمل سے کام لینا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں