منی لانڈرنگ کیس کے مبینہ ملزم مقصود چپڑاسی کو سپرد خاک کردیا گیا
ملک مقصود کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی تھی
کراچی:
وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ ملزم ملک مقصود (مقصود چپڑاسی) کو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقصود چپڑاسی کا گزشتہ دنوں دبئی میں انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد میت کو لاہور لایا گیا تھا۔
مقصود چپڑاسی کے کزن کا کہنا تھا کہ حلفیہ کہتا ہوں ملک مقصود کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جبکہ انکے بارے میں میڈیا جو باتیں کررہا ہے اس میں بلکل سچائی نہیں، ہم چپڑاسی نہیں قطب شاہی ہیں۔
واضح رہے کہ دبئی پولیس کی جانب سے ملک مقصود احمد کے جاری کیے گئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق موت طبعی ہے۔
مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس کا اہم ترین گواہ مقصود چپڑاسی چل بسا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے نکلنے کا دعویٰ شہزاد اکبر نے کیا تھا۔ کیس کی تفتیش کے دوران ہی مقصود کو دل کی تکلیف ہوئی تھی۔ مقصود کے اہلخانہ نے ان کے انتقال پر کچھ کہنے سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب مقصود چپڑاسی کو ایف آئی اے عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کر رکھی تھی جبکہ ن لیگ کا موقف تھا کہ شریف خاندان سے منسلک ملازمین کو دوران تفتیش ہراساں کیا جاتا رہا جس کے وجہ سے وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہوئے۔