وزیراعظم کی درخواست پر ناموس رسالت ﷺ پر قومی اسمبلی میں بحث کرانے کا فیصلہ

اسپیکرقومی اسمبلی نے پیر کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں ایک گھنٹہ مختص کردیا


ویب ڈیسک June 11, 2022
دنیا کوبتانا چاہتے ہیں نبی کریمﷺکی حرمت کے لئے ہرقربانی کے لئے تیار ہیں،وزیراعظم:فوٹو:فائل

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر ناموس رسالت (ﷺ) کے معاملے پر پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں بحث کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسپیکر نے پیر کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں ایک گھنٹہ مختص کردیا جس میں بی جے پی لیڈروں کی ہرزہ سرائی کی مذمت کی جائے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

یہ معاملہ سیاسی، جماعتی یا انفرادی نوعیت کا نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے، آئیں سب مل کر گستاخوں کے خلاف ایمان اور کا مظاہرہ کریں۔ جس کے بعد ایوان بجٹ پر بحث کا آغاز کرے گا. قومی اسمبلی قرارداد بھی منظور کرےگی جس میں بی جے پی لیڈروں کی مذمت کی جائے گی۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسپیکر کے ناموس رسالت (ﷺ) کے معاملے پر قومی اسمبلی میں بحث کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی عوام کے جذبات واحساسات کی ترجمانی کرے گی، ناموس رسالت مآب (ﷺ) کے لیے پوری امت مسلمہ متحد ہے، پورا پاکستان اس مسلئے پر ایک آواز ہے، امت مسلمہ کو مل کر گستاخوں اور بدزبانوں کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عالمی برداری اور خاص کر اقوام متحدہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مقدس ہستیوں کے احترام پر متفقہ حکمت عملی اختیار کرے، حرمت رسول (ﷺ) پر جان بھی قربان ہے، یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

آقا کریمؐ کی حرمت کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، وزیراعظم

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں بھارت میں ہونے والے قابل مذمت واقعہ کے خلاف قرارداد مںظورکی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بی جے پی رہنماؤں کی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پرقومی اسمبلی میں بات ہونا چاہئیے۔ ایوان اس واقعہ کے خلاف قرارداد منظورکرے۔ قرارداد کے ذریعے بھارت سمیت پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ آقا کریم ﷺ کی حرمت کے لئے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

وزیراعظم نے اسپیکرقومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پربات کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں کی ہرزہ سرائی نے دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کے دل کا خون کیا ہے جس پرتمام مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں