پاک ویسٹ انڈیز سیریز تیسرے ون ڈے کیلئے سکیورٹی کے انتظامات مکمل

7 ہزار سے زائد اہلکار شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے


ویب ڈیسک June 12, 2022
(فوٹو: پی سی بی)

پنجاب پولیس نے ملتان میں جاری پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے آخری میچ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ آج تیسرے ون ڈے کے لیے 7 ہزار سے زائد اہلکار و افسران کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا بتانا تھا کہ شائقین کرکٹ کی رہنمائی اور شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کے 1100 وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تین کنٹرول رومز اور 350 سی سی ٹی وی کیمروں سے حساس مقامات کی مانیٹرنگ کی جارہی ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس راؤ سردار علی نے کہا کہ ملتان پولیس شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم تک پہنچنے میں ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے جبکہ خواتین اور بچوں کی سہولت کے لیے شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں معذور شہریوں کو اسٹیڈیم کے اندر لے جانے میں پولیس اہلکار مدد کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ کی خواہاں

آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ کرکٹ ٹیموں، میچ آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، شدید گرمی اور سخت موسم میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس اور ٹریفک اہلکار کا جذبہ قابل ستائش ہے۔

آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ ہوٹل، اسٹیڈیم اور روٹس کے گردو نواح میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کے پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں