وفاقی بجٹ 202223 کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر37 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے

نیبرہڈ امپروومنٹ پراجیکٹ کیلیے 6 ارب 46 کروڑ، واٹر بورڈ پونے 2 ارب، آئی ٹی پارک کیلیے 9 کروڑ، ’کلک‘ کیلیے 11 ارب مختص


Kashif Hussain June 13, 2022
بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کے لیے 3 ارب 62 کروڑ رکھے گئے ہیں، عالمی اداروں اور دوست ممالک کی فنڈنگ سے رقم مہیا کی جائے گی۔ فوٹو : فائل

کراچی: وفاقی بجٹ برائے سال23- 2022میں کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلیے بین الاقوامی مالیاتی اور ترقیاتی اداروں اور دوست ملکوں کی فنڈنگ سے 37ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

مالی سال کے دوران بین الاقوامی مالیاتی و ترقیاتی اداروں اور دوست ملکوں کی معاونت سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر 16ارب 61کروڑ 76لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے۔ اس لحاظ سے وفاقی حکومت کے بجٹ میں بین الاقوامی اداروں اور دوست ملکوں کی معاونت سے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقم دگنی ہوگی۔

وفاقی بجٹ دستاویزات کے مطابق کراچی میں کوریا کی معاونت سے آئی ٹی پارک کے قیام کے لیے 9کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، ورلڈ بینک کی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے فنڈ سے کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پراجیکٹ پر 6ارب 46کروڑ 70لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ آئندہ سال مختص کی گئی یہ رقوم گذشتہ دو مالی سال میں خرچ کی جانیوالی رقوم سے دگنی ہیں۔

ورلڈ بینک کی معاونت سے ہی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک ارب 75کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ ورلڈ بینک آئندہ مالی سال کراچی میں نقل و حرکت کو آسان بنانے کے کراچی موبلیٹی پراجیکٹ کے لیے انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ (آئی بی آر ڈی) آئی بی آر ڈی کی معاونت سے 5ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس پراجیکٹ کے تحت مالی سال 22- 2021کے بجٹ میں 4ارب 64کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے تاہم 30کروڑ روپے ہی خرچ ہوسکے۔

آئی بی آر ڈی کے کراچی کے لیے منصوبہ کمپیٹیٹیو اینڈ لیوایبل سٹی آف کراچی (کلک) کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 11 ارب 65 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس پراجیکٹ پر مالی سال 22- 2021 میں 9 ارب 21کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبہ کراچی سسٹین ایبل بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کے لیے آئندہ مالی سال میں 4 ارب 92 کروڑ روپے فراہم کرے گا اس منصوبہ کے لیے مالی سال 22- 2021 میں 9 ارب 74 کروڑ 33 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے تاہم 2ارب روپے خرچ کیے گئے۔

آئندہ مالی سال کے دوران فرانس کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کے لیے 3 ارب 62 کروڑ 80 لاکھ روپے فراہم کرے گا۔ اس پراجیکٹ کے لیے فرانس سے رواں مالی سال 3 ارب 10 کروڑ 58 لاکھ روپے موصول ہونے تھے تاہم 59 کروڑ 70 لاکھ روپے ہی خرچ ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں