کراچی میں یورپی معیار کی جدید الیکٹرک بسیں چلیں گی

کراچی میٹرو پولیٹن شہر ہے، جہاں کاروبار کے بہترین مواقع موجود ہیں، شرجیل انعام میمن


ویب ڈیسک June 13, 2022
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی ترک کمپنی کے ڈائریکٹر جمیل شن اوجاک سے ملاقات

KHANEWAL: شہر قائد کے باسیوں کو سفری سہولت کی فراہمی کے سلسلے میں خوش خبری ہے کہ شہری اب چائنیز بسوں کے بعد یورپی معیار کی جدید بسوں میں آرام دہ سفر کر سکیں گے۔

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے ترک کمپنی البیارک کے ڈائریکٹر جمیل شن اوجاک سے ملاقات کی، جس میں صوبائی وزیر نے ترک کمپنی کو یورپی معیار کی الیکٹرک بسیں لانے کی دعوت دی۔اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) الطاف حسین بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ کراچی میٹرو پولیٹن شہر ہے، جہاں کاروبار کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہر میں ہزاروں بسیں لانے کی منصوبہ بندی کی ہے، جس میں ریڈ لائن ، اورنج لائن ، پیپلز بس سروس اور یلو لائن کے تحت جدید بی آر ٹی سسٹم شامل ہے۔

صوبائی وزیر کی ترک کمپنی کے ڈائریکٹر کو دھابیجی فری اکنامک زون میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ترک کمپنی کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سمیت پبلک ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری پر سبسڈی دینے کے لیے بھی تیار ہے

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین بہترین تعلقات ہیں ، ہم چاہتے ہیں، ترک کمپنیاں سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں ترکی کے دورے کے دوران ان کی ترکی کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات ہوئی ، ہم نے انہیں بھی صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

البیارک گروپ کے ڈائریکٹر جمیل شن اوجاک نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے پر ہمیں فخر محسوس ہوتا ہے ۔ ہم چاہیں گے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کریں ۔ اس سلسلے میں جلد از جلد پروپوزل تیار کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں